
جموں پولیس نے جوینائل ہوم سے فرار ہونے والے گینگسٹر کو سات ماہ کی تلاش کے بعد گرفتار کیا
جموں، 23 ستمبر (ہ س)۔ جموں پولیس نے جوینائل ہوم سے فرار ہونے والے گینگسٹر کرجیت سنگھ عرف گگہ کو سات ماہ کی تلاش کے بعد دہلی سے گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم فروری میں آر ایس پورہ کے جوینائل ہوم سے دو پاکستانی شہریوں کے ہمراہ فرار ہوا تھا۔ کرجیت سنگھ آر ایس پورہ کے ڈبلیہار علاقے کا رہائشی ہے، اُس نے مبینہ طور پر 16 فروری کو دو پاکستانی شہریوں محمد ثناء اللہ اور احسن انور کے ساتھ مل کر پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور جوینائل ہوم سے فرار ہوگیا تھا۔ واقعے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
دونوں پاکستانی شہریوں کو پولیس نے واقعے کے 20 گھنٹے کے اندر امبالہ ریلوے اسٹیشن کے قریب گرفتار کر لیا تھا۔ حکام کے مطابق دونوں نیپال جانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم کرجیت سنگھ پولیس کی گرفت سے باہر رہا۔پولیس نے مسلسل کوششوں کے بعد اس کا سراغ دہلی میں لگایا اور اسے گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے جموں لایا جا رہا ہے۔حکام نے بتایا کہ کرجیت سنگھ کو جوینائل ہوم میں داخل کیے جانے کے وقت وہ نابالغ تھا، تاہم فرار کے وقت وہ بالغ ہو چکا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر