
آئیچی-ناگویا، 22 ستمبر (ہ س)۔ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے منگل کو ایشیائی کھیلوں کے تیسری پوزیشن کے مقابلے میں بنگلہ دیش کو 31 رن سے شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیت لیا۔ نشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کے 145/8 کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 114 رن بنا سکی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے شوال ذوالفقار اور گل فیروزہ کے ساتھ اچھی شروعات کی۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 46 رن جوڑے۔ ناہیدہ اختر نے فیروزہ کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 23 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 31 رن بنائے۔
اس کے بعد سائرہ جبین کریز پر آئیں، لیکن وہ زیادہ دیر نہیں ٹک سکیں اور پانچ رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ ذوالفقار نے 27 گیندوں پر 17 رن بنائے، جبکہ ایمان فاطمہ اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکیں۔ عائشہ ظفر نے نو رن بنائے، لیکن شانزیدہ اختر میگھلا نے انہیں بھی پویلین بھیج دیا۔ ایک وقت پاکستان کا اسکور پانچ وکٹوں پر 67 رن تھا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے عالیہ ریاض کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 67 رن جوڑے۔ ریاض نے 22 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 رن بنائے۔ فاطمہ ثنا نے 45 رن کی اننگز میں تین چھکے اور تین چوکے لگائے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ فاطمہ اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نادیہ اختر، ریتو مونی اور شورنا اختر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شانزیدہ اختر میگھلا کو ایک وکٹ ملی۔146 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے دلارا اختر اور جوائریا فردوس کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی ا±مّ ہانی نے تیسرے اوور میں فردوس کو آو¿ٹ کرکے پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے اوور میں تسمیہ رباب نے دلارا اختر کو 12 رن پر آو¿ٹ کر دیا۔ اس کے بعد شوبھنا موستاری بھی دو رن بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔
کپتان نگار سلطانہ جوتی اور شرمین اختر نے چوتھی وکٹ کے لیے 47 رن جوڑ کر بنگلہ دیش کی اننگز کو سنبھالا۔ تاہم بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے دباو میں نگار سلطانہ کو عائشہ ظفر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ انہوں نے 30 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 25 رن بنائے۔
اس کے بعد بنگلہ دیش کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور ہدف سے فاصلہ بھی بڑھتا گیا۔ شرمین اختر 45 گیندوں پر 46 رن اور ناہیدہ اختر چھ گیندوں پر 10 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 20 اوور میں سات وکٹوں پر صرف 114 رن بنا سکی اور 31 رن سے مقابلہ ہار گئی۔
پاکستان کی جانب سے اتمّ ہانی سب سے کامیاب گیند باز رہیں۔ انہوں نے چار اوور میں ایک میڈن کے ساتھ 10 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ فاطمہ ثنا، تسمیہ رباب، نشرا سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس جیت کے ساتھ پاکستان نے ایشیائی کھیلوں میں اپنا دوسرا تمغہ حاصل کیا۔ پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا افتتاحی تقریب میں ملک کی خواتین پرچم بردار بھی تھیں۔ اس سے قبل پاکستان کے عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ دو کانسے کے تمغوں کے ساتھ پاکستان تمغوں کی فہرست میں 26ویں مقام پر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد