
نئی دہلی، 22 ستمبر (ہ س)۔ الیکشن کمیشن نے اتر پردیش کی 10 اور اتراکھنڈ کی ایک راجیہ سبھا نشست کے لیے دو سالہ انتخابات جبکہ مغربی بنگال کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب کا پروگرام منگل کو جاری کردیا۔ تمام 12 نشستوں کے لیے 16 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی اور اسی روز شام 5 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق اتر پردیش اور اتراکھنڈ کی راجیہ سبھا کی 11 نشستوں پر موجودہ ارکان کی مدت 25 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ ان میں اتر پردیش کی 10 اور اتراکھنڈ کی ایک نشست شامل ہے۔اتر پردیش سے جن ارکان کی مدت ختم ہو رہی ہے، ان میں مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو کے علاوہ ارون سنگھ، برج لال، بی ایل ورما، نیرج شیکھر، گیتا عرف چندر پربھا، رام جی، سیما اور دنیش شرما شامل ہیں۔ اتراکھنڈ سے نریش بنسل کی مدت بھی 25 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔دوسری جانب مغربی بنگال کی ایک راجیہ سبھا نشست پر رکمنی ملک کے استعفے کے باعث پیدا ہونے والی اچانک خالی جگہ کو پُر کرنے کے لیے ضمنی انتخاب کرایا جا رہا ہے۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انتخابات کا نوٹیفکیشن 29 ستمبر کو جاری ہوگا، جبکہ امیدوار 6 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی داخل کرسکیں گے۔ 7 اکتوبر کو کاغذات کی جانچ ہوگی اور امیدوار 9 اکتوبر تک اپنی نامزدگی واپس لے سکیں گے۔16 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد اسی روز شام 5 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی۔راجیہ سبھا انتخابات میں متعلقہ ریاستوں کی قانون ساز اسمبلیوں کے منتخب ارکان ووٹ ڈالتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے شفاف اور منصفانہ ووٹنگ کے لیے بیلٹ پیپر پر ترجیح درج کرنے کے لیے مخصوص جامنی رنگ کے اسکیچ پین کے استعمال کا انتظام کیا ہے۔ یہ پین انتخابی افسران کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔انتخابی پروگرام کے اعلان کے ساتھ ہی متعلقہ ریاستوں میں ان انتخابی حلقوں کے لیے ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ ہوگیا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan