
کھڑگپور، 22 ستمبر (ہ س)۔ ریلوے احاطوں میں گندگی پھیلانے اور صفائی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں پر اب زیادہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حکومت ہند نے ریلوے احاطوں میں صفائی کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں سے متعلق جرمانے کی دفعات میں ترمیم کی ہے۔ یہ ترمیم 25 اگست 2026 کو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کے تحت کی گئی ہے۔
ریلوے کی جانب سے منگل کی دوپہر جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ترمیم شدہ ضوابط کے تحت ریلوے احاطے یا ٹرین کے ڈبے میں مقررہ جگہ کے علاوہ کہیں بھی کچرا پھینکنا ممنوع ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے احاطے میں کھانا پکانا، نہانا، تھوکنا، کھلے میں پیشاب یا پاخانہ کرنا، جانوروں یا پرندوں کو چارہ دینا، گاڑیوں کی مرمت یا دھلائی کرنا اور برتن، کپڑے یا دیگر سامان دھونا بھی ممنوع رہے گا۔ مقررہ سہولت یا بیت الخلا دستیاب ہونے کی صورت میں اس کا استعمال لازمی ہوگا۔
ریلوے احاطے یا ٹرین کے ڈبے میں بغیر اجازت پوسٹر چسپاں کرنے، کچھ لکھنے یا نقش و نگار بنانے اور ریلوے املاک کو نقصان پہنچانے یا بدنما کرنے پر بھی کارروائی کی جائے گی۔
ترمیم شدہ قواعد کے مطابق ان سرگرمیوں کا مرتکب پائے جانے والے شخص پر اب ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اگر متعلقہ شخص جرمانہ ادا نہیں کرتا تو اسے مجاز عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ عدالت ایسے معاملے میں دو ہزار روپے تک جرمانہ عائد کر سکتی ہے۔
ریلوے کے مطابق ترمیم شدہ دفعات کا مقصد ریلوے احاطوں میں صفائی کے نظام کو مضبوط بنانا اور مسافروں و عام لوگوں کو صفائی کے تئیں ذمہ دار بنانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد