
جموں،22 ستمبر (ہ س)۔
لداخ کے لیفٹیننٹ گورنرونے کمارسکسینہ نے جموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سفارش پر لداخ میں ہائی کورٹ بنچ کے ابتدائی اجلاس کے لیے لیہہ کو مقام مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری ترجمان کے مطابق ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل نے 15 ستمبر کو چیف جسٹس کی سفارش سے انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا۔ لیہہ کا انتخاب وہاں سے متعلق زیر التوا مقدمات کی تعداد، انتظامی اہمیت اور بنچ کے کام کے لیے دستیاب بنیادی ڈھانچے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
عدالتی اعداد و شمار کے مطابق لداخ سے متعلق ہائی کورٹ میں 423 مقدمات زیر التوا ہیں، جن میں 252 مقدمات لیہہ ڈویژن سے متعلق ہیں۔ اس طرح لداخ کے تقریباً 60 فیصد زیر التوا مقدمات لیہہ ڈویژن سے ہیں۔
ہائی کورٹ کے مطابق لیہہ میں بنچ کا اجلاس منعقد ہونے سے زیادہ تعداد میں سائلین اور قانونی ماہرین کو سہولت ملے گی۔ لیہہ لداخ کا انتظامی صدر مقام بھی ہے، جہاں سول و انتظامی سکریٹریٹ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے اہم دفاتر موجود ہیں، جس سے عدالتی معاملات میں انتظامیہ کے ساتھ رابطہ آسان ہوگا۔
حکام کے مطابق بنچ کے مستقل بنیادی ڈھانچے کی تعمیر طویل مدتی منصوبے کے تحت کی جائے گی، جبکہ لیہہ میں عارضی بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی دستیاب ہے، جس کے ذریعے مستقل عمارت کی تکمیل کا انتظار کیے بغیر بنچ کا کام شروع کیا جا سکے گا۔
منظوری کے بعد محکمہ قانون و انصاف، ڈپٹی کمشنر لیہہ کے تعاون سے بنچ کے لیے ضروری انتظامات کرے گا، جن میں ججوں اور عملے کے قیام، پروٹوکول اور سلامتی کے انتظامات شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر