
رانچی، 22 ستمبر (ہ س)۔ جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش گنگوار، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بابولال مرانڈی نے کرم پوجا کے موقع پر ریاست کے تمام باشندوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
گورنر نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر فطرت کے اس جشن ’کرما پوجا‘ کے مبارک موقع پر جھارکھنڈ کے تمام باشندوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کرما پوجا فطرت، ثقافت اور سماجی اتحاد کا تہوار ہے۔ انہوں نے نیک خواہش ظاہر کی کہ یہ تہوار سب کی زندگی میں خوشی، امن، خوشحالی اور آسودگی لے کر آئے۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بھی فطرت کے عظیم تہوار کرم کے موقع پر سب کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ فطرت اور انسانی زندگی کے گہرے رشتے، بھائی بہن کے اٹوٹ پیار، سماجی اتحاد اور ہماری مالا مال ثقافت و روایت کی علامت کرم تہوار جھارکھنڈ کی شناخت اور ہمارے طرزِ زندگی سے گہرائی سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرم تہوار ہمیں فطرت کے تئیں احترام، تشکر اور اس کے تحفظ کی ترغیب دیتا ہے۔ ہمارے بزرگوں نے ہمیں سکھایا ہے کہ پانی، جنگل اور زمین صرف ہماری زندگی کی بنیاد ہی نہیں بلکہ ہماری ثقافت، روایت اور آنے والی نسلوں کی امانت بھی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تہوار بھائی بہن کے پاکیزہ پیار اور باہمی اعتماد کا بھی تہوار ہے۔ اکھڑا میں کرم ڈالی نصب کرنا، ماندَر کی تھاپ، کرم کے گیت اور اجتماعی رقص ہماری زندہ لوک ثقافت کا خوبصورت اظہار ہیں۔ فطرت کے عظیم تہوار کرم کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ہمیں اپنی جڑوں سے جڑے رہنے کی ترغیب دیتا ہے۔ جدیدیت اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھتے ہوئے بھی ہمیں اپنی زبان، ثقافت، روایت، لوک علم اور فطرت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں رہنا چاہیے۔ ہمارے بزرگوں کی یہی مالا مال وراثت آنے والی نسلوں تک محفوظ اور مضبوط شکل میں پہنچے، یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
ہیمنت سورین نے کہا، ”میں امید کرتا ہوں کہ اس مبارک موقع پر ہر خاندان میں خوشی، امن، چین اور خوشحالی برقرار رہے۔ بھائی بہن کا پیار مزید مضبوط ہو، معاشرے میں باہمی ہم آہنگی اور اتحاد بڑھے اور ہمارا جھارکھنڈ فطرت اور ثقافت کے ساتھ ہم آہنگی قائم کرتے ہوئے مسلسل ترقی کرتا رہے۔“
قائد حزب اختلاف بابولال مرانڈی نے بھی ریاست کے تمام باشندوں کو بھائی بہن کے اٹوٹ پیار کی علامت فطرت کے تہوار کرم پوجا کی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ مرانڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ جھارکھنڈ کی قبائلی اور مقامی لوک ثقافت کی علامت یہمبارک کرم تہوار سب کی زندگی میں خوشی، امن اور خوشحالی لے کر آئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد