
ڈاکٹر مشتاق صدف نے ’عصر حاضر میں اردو میڈیا کا کردار‘ موضوع پر توسیعی خطبہ پیش کیا
علی گڑھ، 22 ستمبر (ہ س)۔ عل گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی اردو اکیڈمی کے فیکلٹی ممبر اور سر سید اکیڈمی(اے ایم یو) کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق صدف نے شعبہ اردو،جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے زیر اہتمام ”عصر حاضر میں اردو میڈیا کا کردار“ موضوع پر ایک توسیعی خطبہ پیش کیا۔
ڈاکٹر مشتاق صدف نے توسیعی خطبہ میں کہا کہ عصر حاضر میں اردو میڈیا نے پوری دیانتداری کے ساتھ ثقافتی بیانیے کو اجاگر کیا ہے۔ اپنے محدود وسائل کے باوجود اردو میڈیا اردو زبان اور ہندوستانی تہذیب کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ عوامی مسائل کے تدارک کے لیے اردو میڈیا کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔عام شہری اور پسماندہ طبقات کی آواز کو اقتدار تک پہنچانے میں بھی اردو میڈیا اپناکلیدی کردار ادا کر رہا ہے،نیز زبان کے محاسن اور فکری روایات کو ڈیجیٹل دنیا میں بڑی تند ہی سے منتقل بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو صحافت نے ادھر انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور موبائل ایپ کو اپنا کر جدید ٹکنالوجی سے ہم آہنگی کا ثبوت دیا ہے۔ڈاکٹر صدف نے زوردیتے ہوئے کہا کہ سر سید احمد خاں، مولانا محمد علی جوہر اور ابو الکلام آزاد نے اپنی صحافت سے ملک و قوم کی تعمیرو ترقی کے لیے جو گراں قدر خدمات انجام دی ہیں عصر حاضر کے اردو میڈیا کو بھی اس سے روشنی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ جلسے کی صدارت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر کوثر مظہری نے کی۔ پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر جاوید حسن نے نظامت کے فرائض انجام دئے، جب کہ ڈاکٹر قرۃالعین نے کلمات تشکر ادا کئے۔ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ