
نئی دہلی، 22 ستمبر(ہ س)۔ دہلی کی کڑکڑڈوما عدالت نے دہلی تشدد کی سازش کے ملزم شرجیل امام کو اپنے چچازاد بھائی کی شادی میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے شرجیل امام کو 4 اکتوبر سے 10 اکتوبر تک عبوری ضمانت دی ہے۔
اس سے قبل 9 مارچ کو عدالت نے شرجیل امام کو اپنے چھوٹے بھائی کی شادی میں شرکت کے لیے دس دن کی عبوری ضمانت دی تھی۔ شرجیل امام نے دہلی ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ شرجیل کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 30 ستمبر کو ہوگی۔
5 جنوری کو سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھیں۔ 5 جنوری کو سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت ملنے والے پانچوں ملزموں میں گلفشا ںفاطمہ، میران حیدر، شفاءالرحمان، شاداب احمد اور محمد سلیم خان شامل ہیں۔
اس کے بعد سپریم کورٹ نے 22 مئی کو ملزم خالد سیفی اور سلیم احمد کو چھ ماہ کی عبوری ضمانت دے دی۔ مقدمے کے چار ملزموں کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔ جن ملزموں کو پہلے ضمانت مل چکی ہے ان میں صفورا زرگر، آصف اقبال تنہا، دیوانگن کلیتا اور نتاشا نروال شامل ہیں۔
اس معاملے میں یو اے پی اے کے تحت درج مقدمے میں 18 ملزموں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔ مقدمے کے ملزموں میں صفورا زرگر، طاہر حسین، عمر خالد، خالد سیفی، عشرت جہاں، میران حیدر، گلفشاں، شفاءالرحمان، آصف اقبال تنہا، شاداب احمد، سلیم احمد، سلیم ملک، محمد سلیم خان، اطہر خان، شرجیل امام، فیضان خان، نتاشا نروال اور دیوانگن کلیتا شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی