مہاراشٹر میں آئندہ 3 دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان
ممبئی / نئی دہلی ، 21 ستمبر (ہ س)۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ریاست میں آئندہ 3 دنوں تک بارش کا زور برقرار رہنے کا امکان ہے۔ 21 ستمبر کو ودربھ، وسطی مہاراشٹر، شمالی مہاراشٹر اور جنوبی مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے
Monsoon Retreat Begins Maharashtra Rain To Intensify Again


ممبئی / نئی دہلی ، 21 ستمبر (ہ س)۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ریاست میں آئندہ 3 دنوں تک بارش کا زور برقرار رہنے کا امکان ہے۔ 21 ستمبر کو ودربھ، وسطی مہاراشٹر، شمالی مہاراشٹر اور جنوبی مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ گڑھ چرولی، گوندیا، چندرپور، بھنڈارا، ناگپور، وردھا، ایوت محل، امراوتی، ہنگولی، پربھنی، ناندیڑ، ناسک کے گھاٹ علاقے، اہلیہ نگر، پونے کے گھاٹ علاقے، ستارا، سانگلی، کولہاپور، رتناگیری، سندھودرگ، شولاپور، دھاراشیو اور لاتور اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ تھانے، رائے گڑھ، جلگاؤں، چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش کی بوندیں پڑنے کا امکان ہے۔22 ستمبر کو ریاست میں بارش کی شدت مزید بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ودربھ کے تقریباً تمام اضلاع کے ساتھ ناندیڑ، پربھنی، بیڑ، لاتور، عثمان آباد شولاپور، پونے، ستارا، سانگلی اور کولہاپور کے گھاٹ علاقوں کے علاوہ رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھودرگ اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ناسک، پال گھر، ممبئی، تھانے، اہلیہ نگر، چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ میں آسمان ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور بعض مقامات پر انتہائی ہلکی بارش کی بوندیں پڑ سکتی ہیں۔ 23 ستمبر کو بارش کی شدت میں کچھ کمی آنے کا امکان ہے، تاہم جنوبی مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ریاست کے باقی علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک یا ابر آلود رہنے کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔دریں اثنا، جنوب مغربی مانسون نے راجستھان کے مغربی حصے سے واپسی کا سفر شروع کردیا ہے۔ ہر سال تقریباً 17 ستمبر سے مانسون کی واپسی شروع ہوتی ہے، لیکن اس سال مانسون نے 2 دن کی تاخیر سے واپسی کا سفر شروع کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ مانسون کی واپسی شروع ہونے کے ساتھ ہی خلیج بنگال میں ایک نئے موسمی نظام نے بھی جنم لیا ہے۔ اس کے باعث مہاراشٹر سمیت ملک کے کئی حصوں میں دوبارہ بارش کے لیے سازگار ماحول بن گیا ہے۔خلیج بنگال میں اس وقت کم دباؤ کا علاقہ بن گیا ہے اور 21 ستمبر تک اس کے ڈپریشن میں تبدیل ہونے جبکہ 22 ستمبر تک اس کے شدید ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ 23 ستمبر کی صبح تک اس موسمی نظام کے جنوبی اوڈیشہ اور شمالی آندھرا پردیش کے ساحلی علاقے کے قریب پہنچنے کی توقع ہے۔ اس موسمی نظام کا اثر مہاراشٹر میں ہونے والی بارش پر بھی پڑ رہا ہے اور ریاست میں ایک مرتبہ پھر بارش کا ماحول فعال ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں چکر دار ہواؤں کی شدت کے لحاظ سے موسمی نظام کے مختلف مراحل ہوتے ہیں۔ کم دباؤ کا علاقہ اس نظام کی شدت کا ابتدائی مرحلہ سمجھا جاتا ہے۔ شدت بڑھنے کے بعد یہ ڈپریشن میں تبدیل ہوتا ہے اور اس کے بعد شدید ڈپریشن کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ شدید ڈپریشن کے دوران تیز ہوائیں، موسلادھار بارش اور سمندر میں اونچی لہریں پیدا ہوسکتی ہیں۔ اگر نظام کی شدت مزید بڑھ جائے تو یہ سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ اسی وجہ سے آئندہ چند دنوں کے دوران مہاراشٹر میں بارش کی صورتحال پر محکمہ موسمیات کی گہری نظر رہے گی۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande