
امراوتی، 21 ستمبر (ہ س)۔ موسم میں تبدیلی اوربرسات کے دوران بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث ضلع میں وائرل بیماریوں کے ساتھ ڈینگی اور ملیریا کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں اس وقت ڈینگو کے 2 سے 3 مریض سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت الرٹ ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں ملیریا کے کئی مریض بھی پائے گئے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے بارش میں وقفہ آنے اوربرسات کے موسم میں گرمی بڑھنے کے باعث نزلہ، کھانسی اور گلے میں خراش جیسی شکایات کے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، جس کے سبب سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مریضوں کی بھیڑ بڑھ گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق دیہی علاقوں میں ڈینگی کے 2 سے 3 مریض سامنے آنے کے باوجود صورتحال فی الحال قابو میں ہے، تاہم ملیریا کے کئی مریضوں کے سامنے آنے سے تشویش برقرار ہے۔ دیہی علاقوں کے متعدد گاؤں میں بارش کا پانی مختلف مقامات پر جمع ہے اور ان پانی کے جوہڑوں میں مچھروں کی افزائش ہورہی ہے۔ مچھروں کی تعداد میں اضافے کے باعث ملیریا کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے، جبکہ شہری علاقوں میں بھی بڑی تعداد میں مریض سامنے آنے کی اطلاع ہے۔ ڈینگی، ملیریا اور چکن گنیا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مچھروں کی افزائش کے مقامات کو ختم کرنا محکمہ صحت کے سامنے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے جمع شدہ پانی کو نکالنا اور باقاعدگی سے جراثیم کش اسپرے سمیت دیگر ضروری اقدامات کرنا ضروری ہے، لیکن خبر کے مطابق بیشتر گرام پنچایتوں کی جانب سے ان اقدامات پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ شہری علاقوں میں بھی اسپرے اور دیگر حفاظتی اقدامات مناسب طور پر نہیں کیے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔ گھروں کے آس پاس جمع پانی اور گندگی کے باعث بھی مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر مچھروں کی افزائش کے مقامات کو ختم کرنا صحت کے نظام کے لیے ایک اہم چیلنج بن گیا ہے۔ضلع ملیریا افسر ڈاکٹر شرد جوگی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ڈینگی اور ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مچھروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں اور ملیریا محکمہ کی طرف سے عوام میں مسلسل بیداری پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی بیماری یا تکلیف کو نظر انداز نہ کریں اور خود سے علاج کرنے کے بجائے صحت مرکز پہنچ کر ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق علاج کرائیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے