
- وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بہار سے آئے 16 رکنی سوشل میڈیا انفلوئنسر وفد سے بات چیت کی
بھوپال، 20 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اتوار کے روز دیواس روڈ پر واقع وی وی آئی پی گیسٹ ہاوس میں بہار سے اجین آئے 16 رکنی سوشل میڈیا انفلوئنسر وفد سے بات چیت کی۔ اس وفد کو اجین کے اہم مذہبی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کر کے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں، سنہستھ کی تیاریوں اور اجین کے ثقافتی ورثے کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملے گا۔
اس دوران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نوجوان انفلوئنسرز سے اجین کے قدیم تاریخی اور ثقافتی ورثے سے متعلق موضوعات پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے ان سے سوالات بھی کیے، ساتھ ہی مختلف اہم تاریخی حقائق اور مقامات کی جانکاری دی۔ انہوں نے انفلوئنسر وفد کو اجین میں زیرِ تعمیر ویر بھارت میوزیم، اسنیک پارک، مہاکال مہالوک سمیت سنہستھ 2028 کے لیے جاری تعمیراتی کاموں کے سلسلے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ویر بھارت میوزیم میں قدیم دور سے لے کر جدید ہندوستان تک کے عظیم ہیروز کی داستانِ شجاعت کو ایک ساتھ دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔ میوزیم میں ہندوستان کی بھرپور تاریخی روایت، ویدک دور، رامائن اور مہابھارت کے زمانے، وکرمادتیہ کے دور سے لے کر تحریکِ آزادی تک کے اہم واقعات اور قومی ہیروز کی خدمات کو ایک جامع انداز میں پیش کیا جائے گا۔ اس سے نئی نسل کو ہندوستان کی شاندار تاریخ اور تعمیرِ وطن میں عظیم شخصیات کے کردار کو جاننے کا موقع ملے گا۔
وزیر اعلیٰ نے انفلوئنسر وفد کو اجین میں زیرِ تعمیر اسنیک پارک (سرپ ادیان) کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اجین کو ’سرپ متر نگری‘ کے طور پر ترقی دینے کا وژن رکھا گیا ہے۔ اسنیک پارک محض سیاحت کا مرکز نہیں ہوگا، بلکہ سانپوں کے تحفظ، ان کی قدرتی اہمیت اور ماحولیاتی توازن میں ان کے کردار کے تئیں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کا اہم ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ فطرت اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ہر جاندار کا اپنا اہم کردار ہے۔ سانپوں کے سلسلے میں معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے ان کے تحفظ اور ماحولیات میں ان کی خدمات کی معلومات عام لوگوں تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے بہار سے آئے نوجوان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو اجین کی تاریخی اور روحانی اہمیت کے ساتھ ساتھ شری مہاکال مہالوک کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ انہوں نے اجین کی قدیم روایات، مذہبی و ثقافتی ورثے اور بھگوان مہاکال کے شہر کی حیثیت سے اس کی منفرد شناخت سے روشناس کرایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن