
نئی دہلی، 20 ستمبر(ہ س)۔ آب و ہوا کی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے درمیان پانی کی حفاظت اور پانی کے انتظام کو زیادہ موثر بنانے پر مرکوز 9 واں 'انڈیا انٹرنیشنل واٹر ویک' منگل (22 ستمبر) سے شروع ہوگا۔ اس کا افتتاح 22 ستمبر کو نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کریں گے۔ پانچ روزہ تقریب آب و ہوا کے موافق پانی کے انتظام، آبی وسائل کے پائیدار استعمال، ٹیکنالوجی کے ذریعے آبی تحفظ کو مضبوط بنانے، مالی اعانت اور کمیونٹی کی شرکت پر مرکوز ہوگی۔
اس کا انعقاد مرکزی وزارت جل شکتی کے زیراہتمام مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، بین الاقوامی تنظیموں، تحقیق و تعلیمی اداروں، صنعتی انجمنوں، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے اشتراک سے 22 سے 26 ستمبر تک بھارت منڈپم میں کیا جا رہا ہے۔ جل شکتی کے مرکزی وزیر دیگر معززین کے ساتھ اس موقع پر موجود ہوں گے۔
اس سال انڈیا انٹرنیشنل واٹر ویک کا موضوع کلائمیٹ ریزیلینٹ واٹر مینجمنٹ ہے۔ یہ تقریب پالیسی سازوں، پانی کے شعبے کے عالمی ماہرین، محققین، پانی کے انتظام کے پیشہ ور افراد، صنعت کے نمائندوں، سول سوسائٹی، اسٹارٹ اپس اور نوجوانوں کو بات چیت کرنے اور تجرباتشیئرکرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
ہالینڈ اور جرمنی اس تقریب کے شراکت دار ممالک ہوں گے۔ ان کے علاوہ ہندوستان کی 14 ریاستیں شراکت دار ریاستوں کے طور پر شرکت کریں گی۔ چھ مرکزی وزارتوں اور محکموں کو بھی شراکت دار وزارتوں اور محکموں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ مرکز اور ریاستوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور آب و ہوا کے موافقپانی کے انتظام کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا جائے گا۔
تقریب کے دوران 10 بڑے فورمز پر بات چیت ہوگی۔ ان میں وزارتی مکمل اجلاس، گلوبل واٹر لیڈرز مکمل اجلاس، ملک کے مخصوص فورم، واٹر لیڈرز فورم، واٹر سیکٹر پروفیشنلز فورم، تھیم پر مبنی فورم، اسٹارٹ اپ فورم، یوتھ فورم، انڈسٹری فورم اور مختلف سائیڈ ایونٹس شامل ہیں۔
سات اہم ذیلی موضوعات پر بحث کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں جامع اور مساوی آبی حکمرانی، آبی وسائل کے بہتر استعمال کے لیے تعاون، آبی تحفظ کے لیے ٹیکنالوجی اور کمیونٹی کا کردار، پانی اور آب و ہوا کے خطرات، جدید مالیاتی ماڈل اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے جدید کاری، پائیدار آبی وسائل کا انتظام اور لوگوں اور ماحولیات کے لیے پانی شامل ہیں۔
22 سے 25 ستمبر تک چار روزہ بین الاقوامی نمائش بھی منعقد کی جائے گی۔ یہ پائیدار اور آب و ہوا کے موافق پانی کے انتظام کے لیے نئی ٹیکنالوجیز، مصنوعات اور حل کی نمائش کرے گا۔
اسی دوران پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کا محکمہ 22 سے 24 ستمبر تک دوسری بین الاقوامی واش کانفرنس کا بھی انعقاد کرے گا۔ اس میں پینے کے پانی کی دستیابی، صفائی کے بنیادی ڈھانچے، حفظان صحت کے طریقوں اور صحت عامہ سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ کانفرنس بڑے پیمانے پر قابل عمل، لاگت سے موثر اور پائیدار حل پر توجہ مرکوز کرے گی۔
اس تقریب کا مقصد بات چیت کو محض غور و فکر تک محدود رکھنے کے بجائے قابل عمل تجاویز، شراکت داری اور بڑے پیمانے کے حل میں تبدیل کرنا ہے۔ یہ پالیسی، مالیات، ٹیکنالوجی اور کمیونٹی کی شمولیت کو ایک ساتھ لا کر آبی تحفظ اور آب و ہوا کی مطابقت کو مضبوط کرنے پر توجہ دے گا۔
اختتامی اجلاس 25 ستمبر کو ہوگا۔ اس کے بعد 26 ستمبر کو اسٹڈی ٹورز ہوں گے۔ انڈیا انٹرنیشنل واٹر ویک کو تجربات شیئرکرنے، نئی ٹیکنالوجیز لانے اور پانی کے شعبے میں ہندوستان اور دنیا کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی