
محکمہ سیاحت اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
نئی دہلی، 20 ستمبر (ہ س)۔
دہلی حکومت نے چاندنی چوک میں واقع دہلی کے تاریخی ٹاؤن ہال کو نئے انداز میں ترقی دینے کی سمت میں ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی موجودگی میں دہلی حکومت کے محکمہ سیاحت کی نوڈل ایجنسی دہلی ٹورزم اینڈ ٹرانسپورٹیشن ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ڈی ٹی ٹی ڈی سی) اور دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
ایم او یو کے تحت تاریخی ٹاو¿ن ہال، پریس بلڈنگ اور پارک کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں ’گلوبل ہیریٹیج سینٹر‘ کے طور پر ترقی دی جائے گی۔
دہلی سکریٹریٹ میں منعقدہ اس ایم او یو پروگرام میں دہلی حکومت کے وزیر سیاحت کپل مشرا، دہلی کے میئر پرویش واہی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
آج جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی گئی۔ اس کے مطابق، اس منصوبے کی خاص اہمیت ہے، کیونکہ ٹاو¿ن ہال اور اس سے متعلقہ احاطہ چاندنی چوک اور شاہجہان آباد کے تاریخی علاقے کا حصہ ہے۔ یہ گریڈ-1 ورثہ احاطہ 1860 سے 1866 کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا۔
میونسپل کارپوریشن کا صدر دفتر طویل عرصے تک اسی احاطے میں رہا۔ سال 2010 میں صدر دفتر کو منتقل کرکے منٹو روڈ پر واقع نئے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی سِوک سینٹر میں منتقل کر دیا گیا۔ اس کے بعد سے اس احاطے کا بڑا حصہ تقریباً خالی پڑا ہوا ہے۔
ایم او یو کے مطابق، تقریباً 12,180 مربع میٹر رقبے پر مشتمل اس تاریخی احاطے کی ملکیت دہلی میونسپل کارپوریشن کے پاس ہی رہے گی۔
تاریخی ورثے کے تحفظ کے ساتھ جدید سہولیات کی ترقی
اس منصوبے کا مقصد تاریخی عمارت کی اصل ورثہ شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے موزوں نئے استعمال کے لیے تیار کرنا ہے۔ یعنی عمارت کو اس کی تاریخی اور تعمیراتی شناخت کے مطابق محفوظ کیا جائے گا اور ساتھ ہی اسے موجودہ دور کی سیاحتی اور ثقافتی ضروریات کے لیے بھی کارآمد بنایا جائے گا۔
مجوزہ گلوبل ہیریٹیج سینٹر میں میوزیم، ثقافتی سرگرمیوں اور سیاحت سے متعلق سہولیات تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سے پرانی دہلی آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ایک نیا اہم سیاحتی مرکز مل سکے گا، جہاں وہ دہلی کی تاریخ، ورثے اور ثقافت کا ایک ہی احاطے میں تجربہ کر سکیں گے۔
چاندنی چوک اور پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن جیسے انتہائی مصروف اور سیاحوں کی بڑی آمدورفت والے علاقوں میں واقع ہونے کے باعث اس احاطے کے بہتر استعمال کے وسیع امکانات ہیں۔
ایم او یو کے تحت ڈی ٹی ٹی ڈی سی کو اس منصوبے کے لیے سروے، عمارت کا ساختی جائزہ اور تفصیلی منصوبہ جاتی رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے بعد یہ طے کیا جائے گا کہ منصوبے کو عوامی سرمایہ کاری یا پی پی پی (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) ماڈل کے ذریعے ترقی دی جائے۔
منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کے لیے ڈی ٹی ٹی ڈی سی اور میونسپل کارپوریشن کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا۔
ایم او یو کی ابتدائی مدت 30 سال مقرر کی گئی ہے، جسے باہمی رضامندی سے مزید 30 سال تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چاندنی چوک کا تاریخی ٹاو¿ن ہال محض ایک عمارت نہیں بلکہ دہلی کی شاندار تاریخ اور ورثے کا ایک اہم حصہ ہے۔ دہلی حکومت کی کوشش ہے کہ اس کی تاریخی اور تعمیراتی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے جدید سیاحت اور ثقافتی سرگرمیوں سے جوڑا جائے۔
دہلی کے وزیر سیاحت کپل مشرا نے کہا کہ چاندنی چوک کا تاریخی ورثہ دہلی کی شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔ ٹاو¿ن ہال، پریس بلڈنگ اور پارک کو گلوبل ہیریٹیج سینٹر کے طور پر ترقی دینے سے اس علاقے میں ورثہ سیاحت کو ایک نئی جہت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تاریخی عمارتوں اور ورثے کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے مزید پرکشش اور مفید بنایا جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ