
بھونیشور، 20 ستمبر (ہ س)۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے نے اتوار کو امید ظاہر کی کہ اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے درمیان طویل عرصے سے جاری مہاندی آبی تنازع جلد حل ہوجائے گا۔ دو روزہ اڈیشہ دورے پر بھونیشور پہنچے سائے نے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ مہاندی کے معاملے پر دہلی میں دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے درمیان بات چیت ہوچکی ہے۔ تنازع کے حل کے لیے دونوں ریاستوں نے مرکزی آبی کمیشن کے فیصلے کو قبول کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ مرکزی آبی کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا، دونوں ریاستیں اسے تسلیم کریں گی۔سائے نے کہا کہ فی الحال مہاندی کے حوالے سے کسی قسم کا آبی تنازع نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں، وہاں آبی تنازعات کے حل کی سمت مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ اڈیشہ اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی حکومت اور مرکز میں این ڈی اے حکومت ہونے کے باعث مہاندی کے مسئلے کے جلد حل کی امید ہے۔اپنے اڈیشہ دورے کے دوران وشنو دیو سائے بھونیشور کے لنگ راج مندر میں پوجا کریں گے اور اس کے بعد پوری جاکر بھگوان جگن ناتھ کے درشن کریں گے۔ شام کو ان کے شریمَد بھاگوت کتھا کے مقام پر جانے کا بھی پروگرام ہے۔دورے کے دوران ان کی اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں مہاندی آبی تنازع سمیت دونوں ریاستوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سائے پیر کو دوپہر تقریباً 1:25 بجے رائے پور واپس روانہ ہوں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan