کالا چوک میں مہا گنپتی منڈپ کے قریب بجلی کا جھٹکا لگنے سے 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی
ممبئی ، 20 ستمبر (ہ س)۔ ممبئی میں جاری گنیش اتسو کے دوران ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ ممبئی کے پریل کالا چوک علاقے میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مہا گنپتی منڈپ کے قریب بجلی کا جھٹکا لگنے سے 2 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 4 دیگر زخمی ہو گئے۔ ج
Ganpati Pandal Electric Shock Kills Two


ممبئی ، 20 ستمبر (ہ س)۔ ممبئی میں جاری گنیش اتسو کے دوران ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ ممبئی کے پریل کالا چوک علاقے میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مہا گنپتی منڈپ کے قریب بجلی کا جھٹکا لگنے سے 2 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 4 دیگر زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 8 سالہ راگنی گھنشیام یادو اور 33 سالہ سجاتا شامل ہیں۔ حادثے کے بعد لال باغ پریل علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی اور شہریوں میں بھی شدید تشویش پائی جارہی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حادثہ ہفتہ کی رات تقریباً 2.30 بجے کالا چوک کے دتارام لاڈ مارگ پر مہا گنپتی اتسو منڈل کے منڈپ کے قریب پیش آیا۔ گنیش درشن کے لیے اس وقت بڑی تعداد میں عقیدت مند علاقے میں موجود تھے۔ منڈپ کے سامنے عارضی طور پر ایک ٹھنڈے مشروبات کا اسٹال لگایا گیا تھا اور اس اسٹال کے لیے بجلی کا کنکشن فراہم کرنے کی غرض سے سرخ رنگ کی ایک بجلی کی تار بچھائی گئی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ افراد کا پاؤں اس تار پر پڑا، جس کے بعد انہیں اچانک بجلی کا شدید جھٹکا لگا۔ اس حادثے میں مجموعی طور پر 6 افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں میں 19 سالہ اکبر نائیک، 19 سالہ تنوی نرش ہانڈے، 19 سالہ ساحل سندیپ ترے اور 12 سالہ روہی سنگھ شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی مسینہ اسپتال لے جایا گیا، جہاں بعض زخمیوں کا انتہائی نگہداشت کے شعبے میں علاج جاری ہونے کی اطلاع ہے۔ 12 سالہ روہی سنگھ کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے پریل کے گلوبل اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاج کے دوران 8 سالہ راگنی کی موت ہو گئی، جبکہ 33 سالہ سجاتا نے بھی علاج کے دوران دم توڑ دیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والی راگنی کی خالہ کسْمتی یادو نے واقعے پر شدید غم اور غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تقریباً 2 بجے درشن کے لیے قطار میں کھڑی تھی اور تقریباً 2.40 بجے حادثہ پیش آیا۔ علاقے میں بہت زیادہ بھیڑ ہونے کے باعث وہ واپس مڑ گئی اور گھر جانے کا فیصلہ کیا۔ وہ منڈپ کے قریب موجود ایک دکان کے پاس رک گئی تاکہ بھیڑ کم ہونے کے بعد درشن کے لیے جا سکیں۔ ان کے مطابق اسی دوران بجلی جلائی گئی اور منڈپ بھی قریب ہی تھا۔ انہوں نے کہا کہ منڈل انتظامیہ کو حفاظتی انتظامات کا خیال رکھنا چاہیے تھا اور اتنی بڑی گنپتی کی مورتی نصب کرنے کے ساتھ عقیدت مندوں کی حفاظت کے لیے بھی مناسب انتظام ہونا ضروری تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس خاندان کا بچہ چلا گیا، اسے اب واپس نہیں لایا جا سکتا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا۔ اتوار کی صبح بیسٹ کے افسران نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور متعلقہ میٹر سے بجلی کی سپلائی منقطع کر دی۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ بجلی کا تار کس طرح کھلی حالت میں رہ گیا اور اس کے باعث وہاں موجود عقیدت مندوں کو بجلی کا جھٹکا کیسے لگا۔ حادثے کی اصل وجہ اور بجلی کے انتظامات میں ممکنہ لاپروائی کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد لال باغ پریل علاقے میں غم کا ماحول ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande