
پلامو، 20 ستمبر (ہ س)۔
جھارکھنڈ کے پلامو ضلع کے صدر مقام میدنی نگر کے سٹی تھانہ علاقے کے نئی محلہ بیلواٹیکا میں 21 سالہ رشمی کماری کی زہریلی چیز کھانے سے موت ہو گئی۔
رشمی، پانکی تھانہ علاقے کے ناواگڑھ کے رہنے والے راج کمار ساو کی بیٹی تھی۔ اس نے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل، 5 اگست 2026 کو وشال کمار نامی نوجوان سے بین ذات شادی کی تھی۔ رشمی پانکی کے مزدور کسان مہاودیالیہ میں بی اے کی طالبہ تھی۔ شادی کے بعد سے وہ اپنے شوہر کے ساتھ نئی محلہ بیلواٹیکا میں رہ رہی تھی۔ وشال کمار روٹری اسکول کے قریب موموز فروخت کرتا تھا۔
رشمی نے ہفتے کی رات کسی بات پر ناراض ہو کر مبینہ طور پر زہریلی چیز کھا لی، جس کے بعد اس کی طبیعت بگڑ گئی۔ اس کا شوہر اسے علاج کے لیے میدنی رائے میڈیکل کالج اسپتال لے گیا، لیکن وہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ واقعے کے بعد شوہر موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد سٹی تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی معلومات حاصل کیں۔
بین ذات شادی کے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد خاتون کی موت نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ خاتون نے کن حالات میں زہریلی چیز کھائی اور اس واقعے کے پیچھے کیا وجہ تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ