
نئی دہلی، 2 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین کی چائنا ماسٹرز میں مہم بدھ کے روز ختم ہو گئی۔ راونڈ آف 32 کے مقابلے میں لکشیہ کو کناڈا کے وکٹر لائی کے خلاف سیدھے گیمز میں 21-14، 21-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس ہار کے ساتھ وکٹر لائی کے خلاف لکشیہ سین کا اس سال کا ریکارڈ مزید خراب ہو گیا ہے۔ دونوں کے درمیان 2026 میں کھیلے گئے چار مقابلوں میں لائی نے تین بار جیت درج کی ہے۔ انہوں نے تھامس کپ اور جولائی میں چائنا اوپن کے راونڈ آف 16 میں بھی لکشیہ کو ہرایا تھا۔
تاہم، دونوں کے درمیان اس سال پہلے مقابلے میں لکشیہ نے جیت حاصل کی تھی۔ مارچ میں آل انگلینڈ اوپن کے سیمی فائنل میں لکشیہ نے لائی کو تین گیمز تک چلے مقابلے میں 16-21، 21-18، 15-21 سے ہرایا تھا۔
لکشیہ سین کے لیے یہ مسلسل دوسرا مایوس کن ٹورنامنٹ رہا۔ نئی دہلی میں منعقدہ ورلڈ چیمپئن شپ میں انہیں دوسرے راونڈ میں امریکہ کے گیرٹ ٹین کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چائنا ماسٹرز میں انہیں ابتدا میں فرانس کے ایلکس لانیئر کے خلاف کھیلنا تھا، لیکن دہلی میں خطاب جیتنے کے بعد لانیئر کے دستبردار ہونے کی وجہ سے لکشیہ کا سامنا ایک بار پھر لائی سے ہوا۔
دن کے پہلے مقابلے میں کدامبی سری کانت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چی یو-رین کو 16-21، 15-21 سے ہرا کر راونڈ آف 16 میں جگہ بنائی۔
سری کانت نے پہلے گیم میں غلبہ حاصل کیا اور دوسرے گیم میں بھی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کیا۔ یو-رین نے 2023 میں سید مودی انٹرنیشنل میں اپنا پہلا بی ڈبلیو ایف خطاب جیتا تھا اور اسی ٹورنامنٹ میں انہوں نے سری کانت کو پہلے راونڈ میں ہرایا تھا۔ اس بار سری کانت نے حساب برابر کر لیا۔
مکسڈ ڈبلز کے راونڈ آف 32 میں ہندوستان کے دھروو کپیلا اور تنیشا کراسٹو کی جوڑی نے تھائی لینڈ کے ٹون کڈ سائہینگ اور ٹون رُگ سائہینگ کو 8-21، 9-21 سے ہرایا۔
بعد میں پانچ مزید ہندوستانی کھلاڑی کورٹ پر اتریں گے۔ ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی کا سامنا ملائیشیا کے جنیدی عارف اور کانگ کھائی شنگ سے ہوگا، جبکہ تنوی شرما ڈنمارک کی امالی شولز کے خلاف کھیلیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن