
جبل پور کی بی ایس این ایل ٹیلی گراف فیکٹری میں بڑا حادثہ، خستہ حال دیوار گرنے سے دو مزدوروں کی موت
بھوپال، 02 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے ضلع جبل پور کے رانی تال میں واقع طویل عرصے سے بند پڑی بی ایس این ایل ٹیلی گراف فیکٹری میں خستہ حال عمارت کو منہدم کرنے کے دوران اچانک دیوار گرنے سے دو مزدور موقع پر ہی ملبے میں دب کر جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کے وقت 10 سے زائد مزدور کام کر رہے تھے۔ حادثے کے فوراً بعد راحت اور بچاو کا کام شروع کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ضلع جبل پور کے رانی تال میں واقع بی ایس این ایل ٹیلی گراف فیکٹری احاطے میں بنے دفاتر اور ملازمین کے پرانے رہائشی مکانات طویل عرصے سے بند اور انتہائی خستہ حالت میں تھے۔ بدھ کی صبح تقریباً 11 بجے 10 سے زائد مزدور ان پرانی عمارتوں کو گرانے کے کام میں مصروف تھے۔ اسی دوران ایک اونچی دیوار اچانک زمین بوس ہو گئی اور کام کرنے والے مزدور اس کی زد میں آ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مدن محل تھانہ پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ریسکیو ٹیم فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ امدادی ٹیم نے سخت مشقت کے بعد ملبہ ہٹا کر نیچے دبے مزدوروں کو باہر نکالا، جہاں دو مزدوروں کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ ٹیم اس بات کی بھی باریک بینی سے جانچ اور تلاش کر رہی ہے کہ ملبے میں کوئی اور مزدور تو نہیں دبا ہے۔
مدن محل تھانہ پولیس کے مطابق، خستہ حال عمارت کو منہدم کرنے کا کام گزشتہ کچھ عرصے سے چل رہا تھا۔ بدھ کے روز مزدور عمارت کے اوپری حصے پر چڑھ کر دیوار توڑنے کی کوشش کر رہے تھے، اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حال ہی میں ہونے والی مسلسل بارش کے باعث دیوار کافی کمزور ہو گئی تھی، جو دباو برداشت نہ کر سکنے کے سبب گر گئی۔
حادثے کی خبر پھیلتے ہی میڈیا اہلکار بھی کوریج کے لیے پہنچے، لیکن بی ایس این ایل فیکٹری کے مین گیٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔ فی الحال پولیس اور انتظامیہ کی موجودگی میں جائے وقوعہ پر ریسکیو اور صورتحال کا جائزہ لینے کی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن