
جموں،02 ستمبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) جموں کے دفتر میں تعینات جونیئر اسسٹنٹ اجے کمار کو مبینہ طور پر 15 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔اے سی بی کے مطابق اجے کمار ولد مرحوم رام مورتی، سکنہ گنگو چک، گجنسو، نے شکایت کنندہ سے اسپیشل میریج ایک, 1954 کے تحت شادی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عوض 20 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ بعد ازاں مبینہ طور پر گفت و شنید کے بعد رقم 15 ہزار روپے طے ہوئی۔
شکایت کنندہ نے رشوت دینے کے بجائے اے سی بی سے رابطہ کیا، جس کے بعد بیورو نے شکایت کی خفیہ تصدیق کی۔ تصدیق کے دوران رشوت طلب کیے جانے کے الزام کی بادی النظر میں تصدیق ہونے پر پولیس اسٹیشن اے سی بی سینٹرل جے اینڈ کے، جموں میں ایف آئی آر نمبر 11/2026 درج کی گئی۔
اے سی بی نے ملزم کو پکڑنے کے لیے ٹریپ ٹیم تشکیل دی۔ کارروائی کے دوران اجے کمار کو مبینہ طور پر 15 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ رشوت کی رقم بھی آزاد گواہوں کی موجودگی میں اس کے قبضے سے برآمد کی گئی۔بعد ازاں اے سی بی نے ملزم کے رہائشی مکان پر بھی تلاشی لی، جو ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئی۔اے سی بی نے بتایا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر