
اداکارہ اور سیاست دان خوشبو سندر نے اداکارہ کٹرینہ کیف کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔ حال ہی میں کٹرینہ کے عوامی طور پر نظر آنے کے بعد ان کے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کو لے کر سوشل میڈیا پر انہیں ٹرول کیا گیا تھا۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد جسم میں ہونے والی تبدیلیوں پر کٹرینہ نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، تاہم ان کے مداحوں اور کئی فلمی شخصیات نے ان کی حمایت کی۔ اب خوشبو سندر نے خواتین کے جسم اور عمر کو لے کر سماج کی سوچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کٹرینہ کی حمایت میں ایک تفصیلی نوٹ شیئر کیا ہے۔
خوشبو نے انسٹاگرام اور ایکس پر شیئر کیے گئے اپنے تبصرے میں سوال کیا کہ خواتین کے جسم میں ہونے والی تبدیلیاں ہمیشہ عوامی بحث کا موضوع کیوں بنا دی جاتی ہیں۔ انہوں نے سماج کے دوہرے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب مردوں کے بال سفید ہوتے ہیں تو انہیں ’سالٹ اینڈ پیپر ہینڈسم‘ اور میچور شخصیت کا حامل قرار دیا جاتا ہے۔ مردوں کے گنجے پن یا بڑھتے وزن کو بھی اکثر تجربے اور شخصیت سے جوڑ کر دیکھا جاتا ہے۔ اس کے برعکس خواتین کی عمر بڑھنے کے ساتھ ان کی ہر جھری، وزن اور سفید بالوں پر سوال اٹھنے لگتے ہیں۔
خوشبو نے کہا کہ خواتین کو ان کی جوانی کے دور کی بنیاد پر پرکھنے والی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ کٹرینہ کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کل بھی خوبصورت تھیں، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔
خوشبو نے زچگی کے بعد جسم میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق اپنا تجربہ بھی شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزن بڑھنے پر لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا اور موٹاپے کو لے کر انہیں نشانہ بنایا، جبکہ وزن کم ہونے کے بعد انہی لوگوں نے ان پر انجیکشن لینے کے الزامات عائد کیے۔
اپنے پیغام میں خوشبو نے کٹرینہ سے کہا کہ انہیں اپنے جسم، زچگی، وزن یا لک کے بارے میں کسی کو وضاحت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ان مردوں کے سامنے جواب دہ ہونے کی ضرورت نہیں جو اپنے آپ کو ان کے بارے میں رائے قائم کرنے کا حق دیتے ہیں۔ خوشبو نے کٹرینہ سے اپنی زندگی اپنی شرائط، وقار اور خود اعتمادی کے ساتھ جینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عورت کی زندگی کا کوئی ایک مخصوص دور خاص نہیں ہوتا، بلکہ اس کی پوری زندگی خاص ہوتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد