
کولکاتا، 18 ستمبر (ہ س)۔
مغربی بنگال کے نندی گرام اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب میں ایک اور بڑا ڈرامائی واقعہ سامنے آیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے کانگریس امیدوار ملن پردھان کی حمایت کے اعلان کے چند ہی گھنٹوں بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی قتل کے ایک پرانے معاملے میں کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو ہی ممتا گروپ کی امیدوار سنچیتا پردھان نے اپنا نامزدگی پرچہ واپس لے لیا تھا۔ اس کے فوراً بعد ممتا بنرجی نے پریس کانفرنس کرکے نندی گرام ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار ملن پردھان کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس بڑے سیاسی اعلان کے چند ہی دیر بعد پولیس نے ملن کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نندی گرام سے کانگریس امیدوار قتل کے ایک پرانے معاملے میں ملزم ہیں اور ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ اسی وارنٹ کی بنیاد پر جمعہ کو انہیں حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ ہفتہ کو نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ نامزدگی کی مدت ختم ہونے سے عین قبل وزیراعلیٰ شبھیندو ادھیکاری کے گڑھ مانے جانے والے نندی گرام میں اپوزیشن امیدوار کی گرفتاری سے سیاسی حلقوں میں زبردست ہلچل مچ گئی ہے۔
اس کارروائی پر کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور ریاست کی حکمراں جماعت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ریاستی کانگریس صدر شوبھنکر سرکار نے اسے سیاسی سازش قرار دیتے ہوئے کہا، ”اچانک یہ معاملہ سامنے آ گیا۔ اس طرح بی جے پی یک جماعتی نظامِ حکومت قائم کرنا چاہتی ہے۔ کیا اس ملک میں اپوزیشن کی سیاست کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں بچے گی؟“
کانگریس کا براہِ راست الزام ہے کہ انتخابات سے پہلے ہی اپوزیشن کو میدان سے ہٹانے کے لیے یہ کارروائی منصوبہ بند طریقے سے کی گئی ہے۔ اس گرفتاری کے بعد نندی گرام کا سیاسی ماحول مزید گرم ہو گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ