
ڈاسن اور بینٹن کے دم پر انگلینڈ نے دوسرے ٹی-20 میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرایا
کارڈف، 18 ستمبر (ہ س)۔ لیام ڈاسن اور ٹام بینٹن کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے دوسرے ٹی-20 بین الاقوامی مقابلے میں جمعرات کی دیر رات سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کے لیے میدان میں اترنے والی سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا۔ پاتھم نسانکا نے جوفرا آرچر کے پہلے ہی اوور میں تین چوکے لگائے، جبکہ لاہیرو اودارا نے بھی بعد میں تیزی دکھائی۔ سری لنکا نے پانچویں اوور کے وسط تک 50 رن مکمل کر لیے۔
انگلینڈ کے کپتان نے پاور پلے کے آخری اوور میں گیند بازی کے لیے لیام ڈاسن کا انتخاب کیا اور بائیں ہاتھ کے اسپنر نے لگاتار دو گیندوں پر وکٹیں حاصل کر کے سری لنکا کی رفتار پر بریک لگا دیا۔ نسانکا 37 رن بنا کر جیمی اوورٹن کا شکار بنے۔ اوورٹن نے اس کے بعد کامندو مینڈس کو بولڈ کیا، جبکہ ڈاسن نے داسن شناکا کو آوٹ کر کے سری لنکا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
کپتان چرتھ اسالنکا اور وانندو ہسرنگا نے 44 رنوں کی شراکت داری قائم کر کے سری لنکا کی اننگز کو سنبھالا۔ ڈاسن کے آخری اوور میں 18 رن بنے، جس سے سری لنکا کے 170 کے قریب پہنچنے کی امیدیں پیدا ہوئیں۔ البتہ آخری تین اوورز میں انگلینڈ کے گیند بازوں نے شاندار واپسی کی۔ ہیری بروک کا عادل رشید کو گیند بازی سونپنے کا فیصلہ کارگر ثابت ہوا اور رشید نے اسالنکا کو آوٹ کر دیا۔ اس کے بعد سونی بیکر نے 19ویں اوور میں وکٹ میڈن اوور پھینکتے ہوئے ہسرنگا کو آوٹ کر دیا۔ آخری اوور میں آرچر نے دو وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکا نے سات رنوں کے اندر چار وکٹیں گنوا دیں۔ پوری ٹیم 20 اوورز میں محض 145 رن ہی بنا سکی۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی ٹیم نے بھی تیز رفتار شروعات کی۔ اینیرین ڈونالڈ نے دشمنتھا چمیرا کے خلاف جارحانہ بلے بازی کی، جبکہ جوس بٹلر نے دلشان مدوشنکا کے ایک اوور میں چار چوکے لگائے۔ اسی دوران بٹلر ٹی-20 کرکٹ میں 15 ہزار رن مکمل کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ ڈونالڈ اور بٹلر پاور پلے میں ہی آوٹ ہو گئے، لیکن انگلینڈ کے رن بنانے کی رفتار پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ ہیری بروک نے ہسرنگا کے ایک اوور میں تین چھکے لگائے۔ بروک چوتھا چھکا لگانے کی کوشش میں ڈیپ اسکوائر لیگ پر ایک عمدہ کیچ کا شکار ہوئے۔
اس کے بعد ٹام بینٹن نے مورچہ سنبھالا اور مسلسل جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن گیند بازوں پر دباو برقرار رکھا۔ سری لنکا کے اسپنروں نے کئی بار گیند شارٹ رکھی، جس کا بینٹن اور انگلینڈ نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ انگلینڈ نے 10ویں اوور کے اختتام پر 120 رن مکمل کر لیے۔ بینٹن نے ایشان ملنگا کے اوور میں لگاتار دو چھکے بھی لگائے۔
جارڈن کاکس جب آوٹ ہوئے، تب انگلینڈ کو فتح کے لیے صرف 10 رن درکار تھے۔ بینٹن نے 24 گیندوں میں اپنی تیز ترین بین الاقوامی ٹی-20 نصف سنچری مکمل کی اور انگلینڈ نے 12.1 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ ہسرنگا نے فری ہٹ پر مڈ آف کی سمت جانے والی گیند کا تعاقب کرتے ہوئے کیچ بھی چھوڑ دیا، جو سری لنکا کے لیے مایوس کن رات کی ایک اور مثال ثابت ہوا۔
مختصر اسکور:
سری لنکا: 145/9، 20 اوورز (پاتھم نسانکا 37، چرتھ اسالنکا 31، لیام ڈاسن 3/32، جیمی اوورٹن 2/23)
انگلینڈ: 146/4، 12.1 اوورز (ٹام بینٹن 52، جوس بٹلر 30، ہیری بروک 23، دشمنتھا چمیرا 1/29)
نتیجہ: انگلینڈ چھ وکٹوں سے فاتح رہا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن