
نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے کوچ بین سایر کی چار سال بعد مدت کار ختم
ویلنگٹن، 18 ستمبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ بین سایر کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چار برسوں تک ٹیم کی ذمہ داری سنبھالنے والے سایر کی مدتِ کار دسمبر 2026 تک تھی، لیکن خواتین کرکٹ کے اعلیٰ کارکردگی کے ڈھانچے (ہائی پرفارمنس اسٹرکچر) کے جامع جائزے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ نے تبدیلی کا فیصلہ لیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق، اس جائزے میں خواتین ٹیم کے لیے ایک نئے ’پرفارمنس لیڈ‘ کردار کی ضرورت سامنے آئی ہے۔ اس کے علاوہ، ریچل پیٹٹ کے پاس موجود مینیجر کا عہدہ بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹی-20 بین الاقوامی سیریز کے لیے عبوری ہیڈ کوچ اور ٹیم مینیجر ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ مستقل ہیڈ کوچ اور پرفارمنس لیڈ کے عہدوں کے لیے بھرتی کا عمل جلد شروع ہوگا۔ آسٹریلیا کے دورے کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اعلان اکتوبر کے اوائل میں کیا جائے گا۔
سایر نے جون 2022 میں نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ ان کی مدت کار میں ٹیم نے برمنگھم دولت مشترکہ کھیلوں میں کانسے کا تمغہ جیتا اور سب سے بڑی کامیابی کے طور پر 2024 کے آئی سی سی ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ کا تاریخی خطاب اپنے نام کیا۔ جارجیا پلمر، ایڈن کارسن اور ایزی گیج جیسی نوجوان کھلاڑیوں نے بھی سایر کی مدتِ کار میں بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائی اور ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ بنیں۔
سایر نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے حوالے سے کہا، ’’وائٹ فرنز کی کوچنگ کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز رہا اور میں اس ٹیم کی قیادت کا موقع ملنے پر بے حد شکر گزار ہوں۔ یہ ٹیم میرے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے اور مجھے گزشتہ چار برسوں میں ہم نے جو کچھ حاصل کیا، اس پر بے پناہ فخر ہے۔ اگرچہ ٹیم سے علیحدہ ہونے کا مجھے افسوس ہے، لیکن میں ٹیم اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ہائی پرفارمنس کرکٹ آفیسر ڈیرل گبسن نے سایر کے تعاون کی ستائش کرتے ہوئے کہا، ’’بین نے وائٹ فرنز کے لیے تبدیلی اور پیش رفت کے ایک اہم دور کی قیادت کی۔ خواتین کے کھیل کے لیے انہوں نے جو وابستگی، پیشہ ورانہ انداز اور وقت دیا، اس کے لیے ہم ان کے تہہِ دل سے شکر گزار ہیں۔‘‘ گبسن نے کہا، ’’یہ ایک مشکل فیصلہ تھا اور اسے سرسری طور پر نہیں لیا گیا۔ ہمارا ماننا ہے کہ وائٹ فرنز کے سفر کے اگلے مرحلے کے لیے پروگرام کی مستقبل کی سمت کو آگے بڑھانے کی خاطر ایک الگ قائدانہ نقطۂ نظر کی ضرورت ہے۔‘‘
نیوزی لینڈ کی کپتان امیلیا کیر نے بھی سایر کے کردار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے ٹی-20 ورلڈ کپ کی جیت کے دوران ان کا کردار انتہائی اہم رہا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم بین اور ٹیم کے لیے ان کی کی گئی ہر کوشش کے لیے دل سے مشکور ہیں۔ ان کی تیاری کا معیار لاجواب تھا۔ انہوں نے اس ذمہ داری میں اپنی پوری جان لگا دی اور ٹیم کو بہتر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔‘‘
کیر نے کہا، ’’نیوزی لینڈ میں خواتین کی کرکٹ کے ایک تاریخی و فیصلہ کن موڑ پر بین کا کردار غیر معمولی رہا۔ ایک مشکل دور کے بعد انہوں نے ہم پر اعتماد ظاہر کیا، جس نے ٹیم کو ورلڈ کپ کی فتح کی سمت آگے بڑھنے میں مدد دی۔ یہ ان کے کردار اور اعلیٰ قیادت کا واضح ثبوت ہے۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن