
شطرنج اولمپیاڈ : ہندوستان نے انڈونیشیا کو 1.5-2.5 سے ہرایا، خواتین ٹیم نے فن لینڈ کو شکست دیسمرقند، 18 ستمبر (ہ س)۔ شطرنج اولمپیاڈ کے دوسرے راونڈ میں جمعرات کے روز ہندوستان نے اوپن اور ویمنز دونوں زمروں میں شاندار جیت درج کی۔ اوپن زمرے میں ہندوستان کو انڈونیشیا کے خلاف 1.5-2.5 کی جیت حاصل کرنے کے لیے سخت جدوجہد کرنی پڑی، جبکہ خواتین کی ٹیم نے فن لینڈ کو 0.5-3.5 سے شکست دے کر آسان کامیابی حاصل کی۔پہلے راونڈ میں آرام دیے جانے کے بعد واپسی کرنے والے آر پرگیانند نے ٹاپ بورڈ پر سیاہ مہروں سے انڈونیشیا کے سوسانتو میگارانتو کے خلاف طویل مقابلہ کھیلا۔ کھیل اینڈ گیم تک پہنچا اور 79 چالوں کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے بازی ڈرا کرنے پر اتفاق کر لیا۔ نہال سرین نے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ سفید مہروں سے آئی ایم عارف عبدالحفیظ کے خلاف کھیلتے ہوئے نہال نے رفتہ رفتہ دباو بڑھایا اور آخری مرحلے میں حکمتِ عملی کی برتری حاصل کر لی۔ حفیظ نے 37.این سی5+ کے بعد کھیل چھوڑ دیا۔ اولمپیاڈ میں نہال کی یہ مسلسل دوسری جیت تھی۔ڈی گوکیش کو سیاہ مہروں سے آئی ایم ساتریا دوتا چہایا کے خلاف جیت کی راہ نہ مل سکی۔ پوزیشن آسان ہونے کے بعد گوکیش نے مسلسل کوئین چیک کے ذریعے مقابلہ برابر رکھا اور 51.کیو ڈی1+ کے بعد میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ ودت گجراتی اور آئی ایم نائکا بدھی دھرما کے درمیان مقابلہ بھی برابری پر اختتام پذیر ہوا۔ سفید مہروں سے کھیل رہے ودت نے متوازن پوزیشن حاصل کی اور 34.ایچ3 کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے پوائنٹس بانٹ لیے۔اس طرح ایک جیت اور تین ڈرا کے ساتھ ہندوستان نے یہ مقابلہ 1.5-2.5 سے اپنے نام کر لیا۔ ہندوستان نے پہلے راونڈ میں تھائی لینڈ کو 1-3 سے ہرایا تھا۔ اس مقابلے میں ٹاپ بورڈ پر ارجن ایریگیسی کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم ٹیم فتح یاب رہی تھی۔ خواتین کے زمرے میں ہندوستان نے فن لینڈ کے خلاف 0.5-3.5 سے شاندار جیت درج کی۔ کونیرو ہمپی کو اس راونڈ میں آرام دیے جانے کے باعث ویشالی رمیش بابو نے ٹاپ بورڈ کی کمان سنبھالی۔ انہیں اناستاسیا کینانین نے کڑی ٹکر دی اور 88 چالوں کے بعد یہ مقابلہ ڈرا رہا۔باقی تینوں بورڈز کے نتائج ہندوستان کے حق میں رہے۔ دیویا دیشمکھ نے جوہانا پاسیکانگس-تیلا کو 38 چالوں میں شکست دی۔ ونتیکا اگروال نے تیز ترین جیت درج کرتے ہوئے سارہ-اولیویا سیپولا کو محض 22 چالوں میں شکست دے دی۔ ساویتا شری بی نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیلجا لیہٹینن کو 31 چالوں میں ہرایا اور ہندوستانی خواتین کی ٹیم کو 0.5-3.5 کی برتری سے جیت دلا دی۔ایک دیگر مقابلے میں جووخر سنداروف نے پیرو کے ڈیگو ساول روڈری فلوریس کیاس کے خلاف سیاہ مہروں سے 32 چالوں میں کامیابی حاصل کی۔ ٹیم میں واپسی کرنے والے سنداروف نے بتدریج پوزیشن پر گرفت مضبوط کی اور پھر پیرو کے بادشاہ کے خلاف جارحانہ حملہ بول دیا۔ فلوریس کیاس مسلسل دفاعی پوزیشن میں چلے گئے اور بالآخر دباو سے نکلنے کی کوئی سبیل نہ پاکر انہوں نے کھیل چھوڑ دیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن