
جموں میں برتھ ڈے کا کیک قتل کا سسب بنا
جموں، 18 ستمبر (ہ س)۔ جموں کے لوئر روپ نگر علاقے میں برتھ ڈے کی تقریب کے دوران کیک لگانے پر پیدا ہوئے تنازع کے بعد ایک نوجوان کو مبینہ طور پر کھوکری سے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے معاملے میں دو بھائیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ 17 ستمبر کو پیش آیا، جب نیرج عرف انشو لوئر روپ نگر کے قریب اپنا یوم پیدائش منا رہا تھا۔ تقریب میں اس کے دوستوں کے علاوہ اس کا بھائی رشو بھی موجود تھا۔
بتایا گیا ہے کہ کیک کاٹنے کے دوران پون نائر عرف سمیر نے مبینہ طور پر نیرج کے چہرے پر کیک لگا دیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان بحث ہوگئی۔ دوستوں نے مداخلت کرکے معاملہ ختم کرانے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران نیرج نے مبینہ طور پر اپنے پاس موجود کھوکری سے پون پر حملہ کردیا، جس سے اس کی گردن پر شدید زخم آیا۔ پون کو اس کے دوست جان سوٹرا، گورو سنگھ اور سگندھ بھٹی فوری طور پر جی ایم سی جموں لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس اسٹیشن جانی پور کی ٹیم نے اسپتال پہنچ کر تحقیقات شروع کیں۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103 (1) کے تحت مقدمہ درج کرکے نیرج عرف انشو اور اس کے بھائی رشو کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی برآمدگی کی کوششیں جاری ہیں جبکہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر