
نوئیڈا، 18 ستمبر (ہ س)۔ اترپردیش کے نوئیڈا میں تھانہ بسرکھ پولیس نے گزشتہ رات جی ڈی اے کالونی میں واقع ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر وہاں مبینہ طور پر غیر قانونی جسم فروشی کرائے جانے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے چار خواتین کو بازیاب کرا کے ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا، جبکہ ہوٹل کا مالک فرار بتایا جا رہا ہے۔
تھانہ بسرکھ کے انچارج انسپکٹر رنجیت کمار سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ رات موصولہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے گور سٹی کے قریب جی ڈی اے کالونی میں واقع بی این ہوٹل پر چھاپہ مارا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ہوٹل میں غیر قانونی طور پر جسم فروشی کرائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس جب ہوٹل پہنچی تو ریسپشن پر ایک 21 سالہ خاتون موجود تھی۔ اس کے بعد ایک کمرے سے مزید تین خواتین ملیں، جن کی عمریں بالترتیب 49، 24 اور 21 سال ہیں۔ پوچھ گچھ کے دوران خواتین نے الزام لگایا کہ ہوٹل کا مالک روہت کمار عرف رامو عرف روی، ساکن گاو¿ں ڈونڈاہیڑا، وجے نگر، ان سے ہوٹل میں زبردستی جسم فروشی کراتا تھا۔
خواتین کے مطابق روہت ہی نئے لوگوں کو ہوٹل میں لاتا تھا اور انہیں مساج کے لیے بلاتا تھا۔ بعد میں ان پر جسم فروشی کے لیے دباو ڈالتا تھا۔ انکار کرنے پر وہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دیتا تھا۔
خواتین نے بتایا کہ روہت نے جمعرات کو بھی کئی گاہک بھیجے تھے، جو پولیس کے پہنچنے سے کچھ دیر قبل وہاں سے جا چکے تھے۔ ان کے مطابق روہت ایک گاہک سے جسم فروشی کے عوض 2,000 سے 5,000 روپے تک وصول کرتا تھا، جبکہ خواتین کو 1,000 سے 1,500 روپے دیتا تھا۔ پولیس نے خواتین کے اہل خانہ کو بلا کر انہیں ان کے حوالے کر دیا۔ ہوٹل مالک فرار ہے اور پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔
جسم فروشی کا اڈہ چلانے والے ہوٹل مالک کی گرفتاری نہ ہونے پر پولیس کارروائی پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ مقامی لوگوں میں یہ بھی چرچا ہے کہ مبینہ طور پر ہوٹل مالک پولیس کو بھاری رقم دیتا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اعلیٰ افسران کی ہدایت پر چھاپہ مارا گیا تھا، تاہم الزام ہے کہ مقامی پولیس اہلکاروں نے خود کو بچانے کے لیے ہوٹل کے مالک کو کارروائی کی اطلاع دے دی، جس کے باعث وہ فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ یہ غیر قانونی کاروبار پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے چل رہا تھا۔ اس سے قبل بھی تھانہ بیٹا-2 علاقے میں ایک مساج سینٹر پر چھاپے کے دوران وہاں کام کرنے والے ملازمین اور گاہکوں کو گرفتار کیا گیا تھا، لیکن سینٹر کا مالک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ بتایا گیا تھا کہ وہ اسپا سینٹر کے باہر اپنی کار میں موجود تھا، لیکن مقامی پولیس کی مبینہ غفلت یا ملی بھگت کے باعث فرار ہوگیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد