
اداکار سدھارتھ ملہوترا کی فلم ’دی ون- فورس آف دی فاریسٹ‘، جس کا شائقین کو شدت سے انتظار تھا، کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ بالاجی موشن پکچرز اور دی وائرل فیور کے بینر تلے بننے والی یہ فلم ماورائے فطرت لوک داستان اور اساطیری سسپنس پر مبنی ہے۔ فلم میں سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ تمنا بھاٹیہ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ اس کی ہدایت کاری دیپک کمار مشرا نے کی ہے۔ سنیل گروور، منیش پال، شویتا تیواری اور اپورو سونی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
فلم کی کہانی بہار میں واقع 16ویں صدی کے ون دیوی مندر سے وابستہ لوک روایات سے ماخوذ بتائی جا رہی ہے۔ ٹریلر میں اسرار، سنسنی اور مافوق الفطرت واقعات سے بھری دنیا کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ سدھارتھ ایک ایسے کردار میں نظر آ رہے ہیں، جو جنگل سے متعلق خوفناک تصورات کو نظر انداز کر کے اس کے اندر داخل ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد گاوں پر قدرت کا خوفناک قہر ٹوٹ پڑتا ہے اور کئی پراسرار واقعات جنم لینے لگتے ہیں۔
ٹریلر میں تناسخ (پنر جنم) اور قدیم طاقتوں سے متعلق اشارے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ تمنا بھاٹیہ فلم میں سدھارتھ کی اہلیہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم سازوں کو امید ہے کہ ہندوستانی لوک روایات اور اساطیری عناصر پر مبنی یہ فلم ناظرین کو ایک نیا سنیما کا تجربہ فراہم کرے گی۔ اسرار، ہیجان اور جاندار مناظر سے لبریز ’دی ون- فورس آف دی فاریسٹ‘ 25 ستمبر 2026 کو ملک بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن