
کاٹھمنڈو، 16 ستمبر (ہ۔س)۔ نیپال کے راسوا میں واقع چیلیمے ہائیڈرو پاور منصوبے کی سرنگ سے چار لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تلاش اور امدادی کارروائی میں مصروف ٹیم نے بدھ کے روز سرنگ کے اندر سے چار لاشیں نکالیں۔
چیلیمے پن بجلی منصوبے میں امدادی کارروائی پر مامور مسلح پولیس کے انسپکٹر وکیل بہادر دھانک نے اس کی تصدیق کی ہے۔
راسوا کی بھوٹے کوشی ندی میں 26 اگست کو آنے والے تباہ کن سیلاب سے چیلیمے سمیت کئی پن بجلی منصوبوں کو نقصان پہنچا تھا۔ سیلاب کے دوران ان منصوبوں میں کام کرنے والے متعدد مزدور اور ملازمین لاپتہ ہوگئے تھے۔ چیلیمے منصوبے کے پاور ہاوس اور گیٹ پر تعینات چھ ملازمین اب بھی لاپتہ ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ منصوبے کے اندر پھنس گئے ہوں گے۔
سرنگ کے اندر لوگوں کے پھنسے ہونے کے خدشے کے پیش نظر نیپالی فوج اور مسلح پولیس کے 11 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تلاش اور امدادی کارروائی میں مصروف تھی۔ تباہ کن سیلاب کے بعد مختلف پن بجلی منصوبوں کی سرنگوں میں لوگوں کے پھنسے ہونے کے خدشے کے باعث مسلسل تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی