
جماعتِ اسلامی ہند لکشمی نگر یونٹ کے زیرِ اہتمام آرام پارک میں درسِ قرآن
نئی دہلی،15ستمبر (ہ س )۔
جماعتِ اسلامی ہند لکشمی نگر یونٹ کے زیرِ اہتمام آرام پارک میں درسِ قرآن کا پروگرام منعقد ہوا۔ اس موقع پر امیرِ مقامی فلاح الدین فلاحی نے سور? بقرہ کی آیات 40 تا 50 کی تفسیر بیان کرتے ہوئے قرآنِ مجید کی تعلیمات کو موجودہ حالات اور مسلمانوں کی عملی زندگی سے جوڑنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان آیات میں اللہ تعالیٰ بنی اسرائیل کو اپنی نعمتیں یاد دلاتے ہوئے انہیں اپنے عہد کو پورا کرنے، اللہ سے ڈرنے اور حق کو قبول کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اگرچہ خطاب براہِ راست بنی اسرائیل سے ہے، لیکن قرآنِ مجید کی ہدایات پوری انسانیت اور بالخصوص اہلِ ایمان کے لیے ہیں۔ اس لیے ان آیات میں بیان کردہ واقعات اور تنبیہات آج کے مسلمانوں کے لیے بھی قابلِ غور ہیں۔
بنی اسرائیل کی غلطیوں سے آج کے مسلمانوں کو بھی سبق لینے کی ضرورت: فلاح الدین فلاحی
فلاح الدین فلاحی نے کہا کہ قرآنِ مجید بنی اسرائیل کی غلطیوں کو بیان کرکے ہمیں دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنا محاسبہ کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ کہیں ہم بھی ان ہی رویوں کا شکار تو نہیں ہورہے جن سے بنی اسرائیل کو خبردار کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بنی اسرائیل کے بعض اہلِ علم دین کی تعلیمات کو دنیاوی مفادات کے لیے استعمال کرتے تھے۔ آج ہمارے معاشرے میں بھی بعض لوگ قرآنِ مجید کی آیات کو تعویذ گنڈے اور معمولی دنیاوی مفادات کے حصول کا ذریعہ بنا رہے ہیں اور قرآن کی آیات کو معمولی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ قرآن انسان کی ہدایت، اصلاح اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے کے لیے نازل ہوا ہے، اسے کاروبار یا لوگوں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ قرآن سے صحیح استفادہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم اس کی آیات کو سمجھیں، ان میں غور کریں اور اپنی زندگیوں کو ان کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔ بنی اسرائیل کی تاریخ ہمارے لیے محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک آئینہ ہے، جس میں آج کے مسلمان بھی اپنے اعمال اور رویوں کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
قرآن کی ہدایات کو سمجھ کر عملی زندگی میں نافذ کرنا ضروری
درس کے دوران فلاح الدین فلاحی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قرآن کی تلاوت کے ساتھ اس کے مفہوم اور پیغام کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر، عہد کی پابندی، حق کی پیروی، تقویٰ اور دنیاوی مفادات پر دین کو ترجیح دینا وہ بنیادی اسباق ہیں جن کی آج کے مسلمانوں کو بھی شدید ضرورت ہے۔
پروگرام میں امیرالحق قاسمی، مشرف صاحب، لال محمد صاحب، حسنین صاحب سمیت دیگر افراد موجود تھے۔ شرکائ نے درسِ قرآن سے استفادہ کیا اور قرآنِ مجید کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais