انڈونیشیا میں کشتی الٹنے سے 6 افراد ہلاک اور 130 لاپتہ
جکارتہ، 15 ستمبر (ہ س)۔ انڈونیشیا کے بحیرۂ جاوا میں ’ورگو ٹرانسپورٹ 8‘ کے الٹ جانے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 130 افراد اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش اور بچاو کی مہم جاری ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 107 افرا
انڈونیشیا کے بحیرۂ جاوا میں الٹا ہوا جہاز


جکارتہ، 15 ستمبر (ہ س)۔ انڈونیشیا کے بحیرۂ جاوا میں ’ورگو ٹرانسپورٹ 8‘ کے الٹ جانے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 130 افراد اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش اور بچاو کی مہم جاری ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 107 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا الجزیرہ نیوز نے انڈونیشیا کی تلاش اور بچاو کی ایجنسی باسارناس کے حوالے سے بتایا کہ فیری پر کل 243 افراد سوار تھے، جن میں 213 مسافر اور عملے کے 30 ارکان شامل تھے۔ یہ جہاز ہفتے کے روز جاوا جزیرے کے سورابایا سے روانہ ہوا تھا اور بورنیو جزیرے کے بندرگاہی شہر بنجرماسن جا رہا تھا۔

اتوار کی علی الصبح فیری کا اپنے آپریٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ اس کے بعد حکام نے فوری طور پر تلاش اور بچاو مہم شروع کی۔ انڈونیشیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے بھی تصدیق کی ہے کہ جہاز الٹ گیا ہے۔

بنجرماسن کے مقامی تلاش اور بچاو دفتر کے سربراہ آئی پوتو سودایانا کے مطابق، حادثے کے وقت جہاز کو خراب موسم کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فیری کا آخری معلوم مقام بحیرۂ جاوا میں بنجرماسن سے تقریباً 81 ناٹیکل میل یعنی 150 کلومیٹر دور بتایا گیا ہے۔

بچاو مہم میں جہازوں کے ہمراہ ہیلی کاپٹر بھی لگایا گیا ہے۔ تا ہم، سمندر میں تقریباً 2.5 میٹر اونچی لہریں راحت اور بچاو کے کام میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔ حکام نے سمندر کی صورتحال کو بچاو جہازوں کے لیے بھی انتہائی پرخطر قرار دیا ہے۔

حکام نے ابھی تک فیری کے الٹنے کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی ہے۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تفتیش میں خراب موسم کے ساتھ ساتھ ممکنہ تکنیکی خرابی سمیت دیگر پہلووں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

انڈونیشیا میں بحری نقل و حمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ تقریباً 17 ہزار جزائر پر مشتمل اس ملک میں بڑی تعداد میں لوگ ایک جزیرے سے دوسرے جزیرے تک پہنچنے کے لیے فیری پر انحصار کرتے ہیں۔ ہوائی سفر کے مقابلے بحری سفر کے نسبتاً سستا اور با آسانی دستیاب ہونے کی وجہ سے یہاں فیری کا وسیع پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔

حالیہ مہینوں میں بھی انڈونیشیا میں کئی سمندری حادثات سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ ماہ بالی اور لومبوک کے درمیان چلنے والی ایک فیری میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوا تھا اور پانچ افراد لاپتہ ہوئے تھے۔ جولائی میں بھی سلاویسی کے جنوب میں سلایار جزیرے کے قریب 70 سے زائد افراد کو لے جانے والی فیری ڈوب گئی تھی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande