
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔ عالمی مارکیٹ سے آج کمزوری کے اشارے مل رہے ہیں۔ امریکی بازار گزشتہ سیشن کے دوران گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ ڈاؤ جونز فیوچرز بھی آج کمزوری کے ساتھ کاروبار کرتا نظر آ رہا ہے۔ یورپی بازاروں میں گزشتہ سیشن کے دوران ملا جلا رجحان رہا۔ ایشیائی بازاروں میں بھی آج گراوٹ کا رجحان نظر آ رہا ہے۔
امریکی فیڈرل ریزرو کی میٹنگ سے قبل گزشتہ سیشن کے دوران بازار میں بے چینی کا ماحول رہا۔ شرح سود میں اضافے کے خدشے کی وجہ سے امریکی بازار کے اشاریے گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج 0.30 فیصد کی کمزوری کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 0.48 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 7,619.98 پوائنٹس کی سطح پر گزشتہ سیشن کے کاروبار کا اختتام کیا۔ اس کے علاوہ نیس ڈیک 146.62 پوائنٹس یعنی 0.56 فیصد کی کمی کے ساتھ 26,186.41 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ وہیں ڈاؤ جونز فیوچرز آج فی الحال 166.20 پوائنٹس یعنی 0.32 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 52,255 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کرتا نظر آ رہا ہے۔
یورپی بازار گزشتہ سیشن کے دوران ملے جلے نتائج کے ساتھ بند ہوئے۔ ایف ٹی ایس ای انڈیکس 0.44 فیصد کی تیزی کے ساتھ 10,697.57 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اس کے برعکس سی اے سی انڈیکس 0.76 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 8,117.78 پوائنٹس کی سطح پر گزشتہ سیشن کا اختتام کیا۔ اسی طرح ڈی اے ایکس انڈیکس 127.75 پوائنٹس یعنی 0.50 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 25,440.81 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ایشیائی بازاروں میں بھی آج عام طور پر فروخت کا دباؤ برقرار ہے۔ ایشیا کے نو بازاروں میں سے آٹھ کے اشاریے گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں کاروبار کر رہے ہیں، جبکہ ایک اشاریہ مضبوطی کے ساتھ سبز نشان میں موجود ہے۔ ایشیائی بازاروں میں واحد اسٹریٹس ٹائمز انڈیکس فی الحال 0.04 فیصد کی معمولی تیزی کے ساتھ 5,659.85 پوائنٹس کی سطح پر تجارت کر رہا ہے۔
دوسری جانب، گفٹ نفٹی 0.27 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 23,379.50 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے۔ اسی طرح تائیوان ویٹڈ انڈیکس بھی 123.32 پوائنٹس یعنی 0.27 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 45,739.20 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس آج بڑی گراوٹ کا شکار ہوا ہے۔ فی الحال یہ اشاریہ 0.96 فیصد پھسل کر 6,472.27 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا ہے۔
اسی طرح کوسپی انڈیکس 0.92 فیصد ٹوٹ کر 6,623.04 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیٹ کمپوزٹ انڈیکس 0.53 فیصد کی کمی کے ساتھ 1,582.63 پوائنٹس کی سطح پر، ہینگ سینگ انڈیکس 0.32 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 24,837 پوائنٹس کی سطح پر، شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 0.10 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 3,881.41 پوائنٹس کی سطح پر اور نکی انڈیکس 0.10 فیصد کی کمی کے ساتھ 63,429 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد