
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س):۔
اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) نے دہلی میں 10 ہزار طلبہ کی گنجائش والے ہاسٹل تعمیر کرنے کے دہلی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اے بی وی پی نے کہا کہ دہلی ملک بھر کے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا ایک اہم مرکز ہے، اس لیے طلبہ کو محفوظ، آسان اور کم خرچ پررہائش فراہم کرنا ایک عرصے سے اہم ضرورت رہی ہے۔ تنظیم مسلسل دہلی میں پی جی اور ہاسٹلوں کی تعداد بڑھانے اور طلبہ کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔
ستیہ نکیتن کے واقعے کے بعد دہلی میں طلبہ کی رہائش گاہوں کی حفاظتی صورتِ حال اور مقررہ حفاظتی معیار پر مو¿ثر عمل درآمد کے حوالے سے سنگین خدشات سامنے آئے تھے۔ ایسے میں نئے ہاسٹلوں کی تعمیر کے ساتھ فائر سیفٹی، ہنگامی گیٹ، مناسب وینٹی لیشن، صفائی، روشنی اور طلبہ کی حفاظت سے متعلق تمام ضروری معیارات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔
اے بی وی پی دہلی کے ریاستی وزیر سارتھک شرما نے کہا کہ دہلی میں طلبہ کے لیے مناسب اور محفوظ ہاسٹل کی فراہمی تنظیم کا ایک دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ آئندہ ڈوسو انتخابات کے لیے اے بی وی پی کے جاری کردہ منشور میں بھی ہاسٹلوں کی تعداد بڑھانے اور محفوظ و بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کو ترجیح دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کی جانب سے 10 ہزار طلبہ کے لیے ہاسٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ اس دیرینہ مطالبے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے اور اے بی وی پی اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔ امید ہے کہ اس فیصلے کو جلد عملی شکل دی جائے گی اور ہاسٹلوں میں تمام ضروری حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، تاکہ دہلی آنے والے طلبہ کو محفوظ، باعزت اور بہتر رہائشی سہولت مل سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ