
حیدرآباد، 15 ستمبر (ہ س)۔ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے تاریخی تاج فلک نما پیلس میں شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 50ویں امام اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے چیئرمین شہزادہ رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے حیدرآباد کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے آغا خان فاؤنڈیشن سے تعاون اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے علاوہ موسیٰ ندی کی بحالی اور تجدید کے منصوبے میں بھی فاؤنڈیشن کی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
ریونت ریڈی نے حیدرآباد کی تاریخی عمارتوں، یادگاروں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید شہری ترقی کے ساتھ شہر کی تاریخی شناخت اور ورثے کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔وزیراعلیٰ نے شہزادہ رحیم آغا خان پنجم کو تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ یہ عالمی سمٹ 7 سے 9 دسمبر تک فیوچر سٹی میں منعقد ہونے والی ہے۔
ریونت ریڈی کے مطابق سمٹ میں 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں اور سرمایہ کاروں کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری، ترقی اور مستقبل کے مواقع پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
حکومت تلنگانہ حیدرآباد میں شہری ترقی کے بڑے منصوبوں کے لیے بین الاقوامی اداروں اور ماہرین کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔ موسیٰ ندی کی بحالی بھی ریاستی حکومت کے اہم شہری ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے۔شہزادہ رحیم آغا خان پنجم کے ساتھ ملاقات کو حیدرآباد کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور موسیٰ کی بحالی کے لیے عالمی سطح کی مہارت اور تعاون حاصل کرنے کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔
تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شہزادہ رحیم آغا خان پنجم کی ممکنہ شرکت سے ریاست کے عالمی روابط اور ترقیاتی و سرمایہ کاری کے منصوبوں کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق