
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔
دہلی پولیس نے منگل کے روز دھولا کنواں میں واقع آرمی پبلک اسکول سمیت تین اسکولوں کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل کو مکمل طور پر فرضی قرار دیا ہے۔ پولیس کا سائبر سیل ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔
پولیس کے مطابق، دہلی کے تین اسکولوں کو بم کی دھمکی والے ای میل موصول ہوئے، جس کے بعد اسکول کے احاطوں سے طلبہ کو بحفاظت باہر نکالا گیا اور حفاظتی جانچ کی گئی۔ یہ دھمکیاں بعد ازاں جھوٹی ثابت ہوئیں کیونکہ احاطوں کی تلاشی کے دوران کوئی بھی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔ جن اسکولوں کو دھمکی ملی تھی ان میں چانکیہ پوری کا برٹش اسکول، دھولا کنواں کا آرمی پبلک اسکول اور لودھی اسٹیٹ کا سردار پٹیل اسکول شامل ہیں۔
دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) کے مطابق، اسے صبح ساڑھے گیارہ بجے دھولا کنواں کے ’آرمی پبلک اسکول‘ سے فون کال موصول ہوئی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر روانہ کی گئی۔ موقع پر تفصیلی تلاشی کے بعد ایک بج کر پانچ منٹ پر بم کی دھمکی کو فرضی قرار دیا گیا۔ پولیس کو برٹش اسکول میں بم کی دھمکی والے ای میل کی اطلاع بھی ملی تھی، جانچ کے بعد اسے بھی فرضی قرار دے دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، دھمکی فرضی ثابت ہونے کے بعد مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ دہلی پولیس کا سائبر سیل ای میل کی تکنیکی تفصیلات، آئی پی ایڈریس اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر کی مدد سے بھیجنے والے کے ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کی چھان بین کر رہا ہے۔ پولیس کے مطابق، ملزم کی شناخت کر کے جلد ہی اسے حراست میں لے لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن