
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س):۔
دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی (آئی جی آئی) ہوائی اڈے پر محکمہ کسٹمز نے منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کے معاملے میں میانمار کی ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
بینکاک سے دہلی پہنچنے والی اس خاتون کے قبضے سے 5.525 کلوگرام مشتبہ گانجہ(ماریجوانا) برآمد ہوا ہے، جس کی بین الاقوامی بازار میں قیمت تقریباً 1.93 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
محکمہ کسٹمز کے مطابق خاتون مسافر 11 ستمبر کو ایئر انڈیا کی پرواز سے بینکاک سے آئی جی آئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل-3 پہنچی تھی۔ اس کی مشتبہ سرگرمیوں اور پروفائلنگ کی بنیاد پر کسٹمز حکام نے اسے اس وقت روک لیا، جب وہ گرین چینل سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہی تھی۔
خاتون کے سامان کو ایکس رے جانچ کے لیے بھیجا گیا۔ بعد ازاں اس کے سبز رنگ کے ٹرولی بیگ کی تلاشی لی گئی، جس میں پولی تھین کے پانچ پیکٹ چھپا کر رکھے گئے تھے۔
حکام نے پیکٹوں کی جانچ کی تو ان میں سبز رنگ کا مشتبہ مادہ ملا۔ موقع پر ڈرگ ٹیسٹ کٹ کے ذریعے جانچ کرنے پر اس کے گانجہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔ برآمد شدہ منشیات کا خالص وزن 5,525 گرام (5.525 کلوگرام) ریکارڈ کیا گیا۔ کسٹمز حکام نے منشیات اور پیکنگ کا سامان این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر لیا۔
خاتون کے خلاف نشیلی ادویات اور نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّوں کے قانون (این ڈی پی ایس ایکٹ) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ بعد ازاں اسے گرفتار کرکے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔
محکمہ کسٹمز اب اس معاملے میں سرگرم بین الاقوامی اور مقامی نیٹ ورک کی کڑیاں جوڑنے میں مصروف ہے۔ تفتیش کار یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بینکاک سے یہ منشیات کس نے بھیجی تھی اور دہلی میں اسے کس شخص کے حوالے کیا جانا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ