
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔ دہلی کے روہنی ضلع کے وجے وہار تھانے کی پولیس نے سورج وہار فیز-2 میں ہونے والی چوری کی واردات کو محض 24 گھنٹے کے اندر حل کرتے ہوئے ایک ہسٹری شیٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت وجے وہار کے رہنے والے 32 سالہ انو عرف بانڈا کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر چوری کیے گئے زیورات، ٹی وی اور لیپ ٹاپ برآمد کر لیے ہیں۔ ملزم کی گرفتاری سے علاقے کے پانچ زیرِ تفتیش مقدمات کے حل ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔سورج وہار فیز-2 کے رہنے والے روی (34) نے 9 ستمبر کو پولیس کو گھر میں چوری کی اطلاع دی تھی۔
روی کے مطابق وہ اہل خانہ کے ساتھ اسپتال گئے ہوئے تھے۔ واپس آنے پر گھر کے مرکزی دروازے کا تالا ٹوٹا ہوا ملا اور کمرے سے ایل ای ڈی ٹی وی، لیپ ٹاپ، 20 ہزار روپے نقد، ہیرے کی انگوٹھی، سونے کا منگل سوتر اور سونے کی بالیوں کا جوڑا غائب تھا۔ اطلاع ملنے کے بعد وجے وہار تھانے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔
اے سی پی روہنی برج موہن مینا کی نگرانی اور ایس ایچ او منوہر لال کی قیادت میں پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے تکنیکی نگرانی اور مقامی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشتبہ شخص کی شناخت کی اور گھیرابندی کرکے اسے 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر چوری کی اس واردات کو انجام دیا تھا۔
پولیس کے مطابق انو عرف بانڈا وجے وہار تھانے کا اعلان شدہ عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف پہلے بھی کئی فوجداری مقدمات درج ہیں۔ پولیس واردات میں ملوث اس کے فرار ساتھی کو گرفتار کرنے کے لیے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد