
لکھنؤ، 14 ستمبر (ہ س)۔ دارالحکومت لکھنؤ کے کرشنا نگر تھانہ علاقے میں پیر کو ایک نوجوان کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی۔ فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوبی) بسنت کمار نے بتایا کہ آج صبح کرشنا نگر پولیس کو سڑک کنارے ایک لاش پڑی ہونے کی اطلاع ملی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ایس ایس گرانڈ ہوٹل کے قریب سڑک کنارے پڑی مورنگ (ریت و بجری) کے ڈھیر پر ایک شخص کی لاش ملی۔ مقتول کی گردن پر کسی نوکیلی چیز سے کاٹے جانے اور چوٹ کے نشانات پائے گئے۔ آس پاس کے لوگوں کی مدد سے لاش کی شناخت ٹکیت گنج گولا کنواں کے رہائشی رام بابو موریہ (35) کے طور پر ہوئی۔ وہ زیر تعمیر عمارت میں مزدوری کرتا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی مقتول کی بہن دیپیکا نے بتایا کہ اتوار کی رات اس کے بھائی نے فون پر اپنی والدہ سے بات کی تھی، لیکن وہ گھر نہیں پہنچا۔ پیر کی صبح اس کی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فارنسک ٹیم کے ساتھ جائے وقوعہ کی جانچ شروع کر دی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد