
۔دوطرفہ مذاکرات میں بحری تعاون بڑھانے پر توجہ رہے گی
نئی دہلی، 14 ستمبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے دورے پر گئے ہندوستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نے اپنے ہم منصب ایڈمرل گارن گولڈنگ کے ساتھ اہم بات چیت کی۔ بحری سلامتی کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھاتے ہوئے دونوں سربراہان نے بحری افواج کے درمیان شراکت داری بڑھانے، آپریشنل تعاون کو فروغ دینے اور بحری معلومات کے بہتر تبادلے کو یقینی بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
نیوزی لینڈ پہنچنے پر بحریہ کے سربراہ کو ایچ ایم این زیڈ ایس فیلو میل، ’ہوم آف دی نیوی‘ میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ یہ وہی جنگی جہاز ہے جس نے بعد میں ہندوستانی بحریہ میں آئی این ایس دہلی کے طور پر خدمات انجام دیں اور کئی نسلوں سے دونوں بحری افواج کے درمیان ایک مستقل رابطے کی علامت رہا ہے۔
ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن کو آکلینڈ کے ڈیون پورٹ نیول بیس پر ایچ ایم این زیڈ ایس فیلو میل میں ’تے تووا موآنا مارا‘ کے مقام پر روایتی ماوری پووہیری کے ذریعے اعزاز عطا کیا گیا۔ یہ نیوزی لینڈ کی ثقافت میں گہرائی سے رچی بسی روایتی مہمان نوازی اور استقبال کی ایک نمایاں مثال ہے۔
ہندوستانی بحریہ کے سربراہ کا یہاں سے نیوزی لینڈ کے دورے کا آغاز ہوا، جو مستقل تعلقات، باہمی احترام اور مشترکہ بحری روایات پر مبنی ہے۔ ان کے اس دورے سے بحری سلامتی، معلومات کے تبادلے، تربیت، باہمی عملی صلاحیت، نئی ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تبادلے جیسے شعبوں میں بات چیت کے ذریعے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی بحری افواج کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
بحریہ کے سربراہ کا نیوزی لینڈ دورہ جولائی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے نیوزی لینڈ دورے کے بعد ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے تعلقات میں آنے والی نئی تیزی کو مزید آگے بڑھا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ میں بحریہ کے سربراہ اعلیٰ فوجی قیادت کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں بحری افواج کے درمیان آپریشنل رابطے، معلومات کے تبادلے، تربیت اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔بحریہ کے سربراہ اہم آپریشنل اور تربیتی مقامات کا بھی دورہ کریں گے اور رائل نیوزی لینڈ نیوی کے اہلکاروں اور پیشہ ورانہ فوجی تعلیم حاصل کرنے والے افسران سے بات چیت کریں گے۔
یہ دورہ حال ہی میں طے پانے والے بحری تعاون کے انتظامات کے پس منظر میں اہمیت کا حامل ہے، جو ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان عملی بحری تعاون کے لیے ایک اہم فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔ یہ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے دفاعی اور بحری روابط اور ہندوستانی بحریہ کی رائل آسٹریلین نیوی اور رائل نیوزی لینڈ نیوی کے ساتھ بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے، جس سے ہند-بحرالکاہل خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد