
جموں, 14 ستمبر (ہ س)لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے 24 ستمبر 2025 کو لیہہ میں پیش آئے پُرتشدد واقعے کے متاثرین کے لیے ایک کروڑ 52 لاکھ روپے کے معاوضے کی منظوری دی ہے۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ شدید زخمی 24 افراد کو فی کس 3 لاکھ اور معمولی زخمی 20 افراد کو فی کس ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق اس واقعے میں چار افراد جاں بحق اور 43 شہری زخمی ہوئے تھے۔ لداخ میں عوامی بدامنی یا ہنگامہ آرائی کے دوران ہلاکت اور زخمی ہونے کی صورت میں معاوضے کے لیے کوئی عمومی پالیسی موجود نہیں تھی، تاہم متاثرین کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ معاوضہ پیکیج تیار کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ معاوضے کی رقم جان کے نقصان یا متاثرین کے دکھ کا ازالہ نہیں کرسکتی، تاہم لداخ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا بھی متاثرین کے تئیں ہمدردانہ اور رہنمائی پر مبنی رویے کے لیے شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر