
نئی دہلی، 14 ستمبر (ہ س)۔ ملک کے شمال مغربی، وسطی اور شمال مشرقی علاقوں سمیت مختلف حصوں میں بارش کا اثر کم ہوتانظر آ رہا ہے، تاہم بعض مقامات پر آئندہ 6 سے 7 دن کے دوران شدید بارش کا امکان ہے۔ ان میں اتراکھنڈ سمیت بیشتر پہاڑی علاقے شامل ہیں۔ اس دوران بارش والے علاقوں میں تیز ہواو¿ں کی رفتار بھی معمول سے کچھ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ وہیں دہلی-این سی آر میں منگل کو ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں منگل کی صبح سے دوپہر کے درمیان بعض مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس روز زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 32 سے 34 ڈگری سیلسیس اور 23 سے 25 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ بدھ اور جمعرات کو بھی موسم کی یہی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ دونوں دن کم سے کم درجہ حرارت میں تقریباً ایک سے دو ڈگری سیلسیس کا اتار چڑھاو¿ ہو سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی نے آج دارالحکومت میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، تاہم دن بھر حبس بھری گرمی محسوس کی گئی۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، جنوب مشرقی راجستھان اور اس سے ملحقہ شمالی گجرات کے اوپر کم دباو¿ کا علاقہ بنا ہوا ہے۔ وہیں 19 ستمبر کو مغربی راجستھان کے بعض حصوں سے جنوب مغربی مانسون کی واپسی کے لیے حالات سازگار ہو رہے ہیں۔
شمال مغربی علاقوں میں ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، پنجاب، مغربی راجستھان اور مغربی اتر پردیش؛ مشرقی علاقوں میں انڈمان و نکوبار جزائر، گنگا کے میدانی علاقوں والے مغربی بنگال، بہار اور اڈیشہ؛ شمال مشرقی علاقوں میں اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ؛ مغربی علاقوں میں کونکن اور گوا؛ جبکہ جنوبی جزیرہ نما علاقوں میں ساحلی آندھرا پردیش، ینم، رائل سیما، جنوبی اندرونی کرناٹک، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل کے مختلف علاقوں میں آئندہ 6 سے 7 دن کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ان علاقوں میں تقریباً 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہریانہ، تلنگانہ اور مغربی مدھیہ پردیش میں 12 سے 20 سینٹی میٹر، جبکہ کونکن، مشرقی راجستھان، چھتیس گڑھ، سوراشٹر، وسطی مہاراشٹر، گجرات کے علاقے، اتراکھنڈ، تمل ناڈو، اڈیشہ اور آسام میں 7 سے 11 سینٹی میٹر تک شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد