
نئی دہلی، 14 ستمبر (ہ س)۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار تین روزہ دورے پر پیر کے روز بھوٹان پہنچے۔ ان کا یہ دورہ 14 سے 16 ستمبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران ہندوستان اور بھوٹان کے الیکشن کمیشنوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور انتخابی عمل سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، گیانیش کمار پیر کو تھمپو میں بھوٹان کے بادشاہ سے ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران 15 ستمبر کو پارو میں واقع جگمے سنگے وانگچک اسکول آف لا میں منعقد ہونے والی بھوٹان کی قومی ووٹرز ڈے تقریب میں وہ بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ وہ 16 ستمبر کو بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توبگے سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ بھوٹان کے سینئر سول سروس افسران کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے الیکشن کمیشنوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد