
سیلاب متاثرین کیلئے کمیونٹی کچن ،راحت کیمپ سمیت کئی سہولتوں کا انتظام
پٹنہ، 13 ستمبر(ہ س )۔ ریاست میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے درمیان آفات مینجمنٹ محکمہ نے راحت اور بچاؤ کام تیز کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے مختلف اضلاع میں کل 1,251 کمیونٹی کچن کامیابی سے کام کر رہے ہیں، جو تقریباً 88.54 لاکھ لوگوں کو صبح اور شام کا کھانا فراہم کر رہے ہیں۔ مزید برآں، 13 راحت کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جو 12,260 سیلابی پناہ گزینوں کو رہائش، خوراک، اور طبی دیکھ بھال جیسی ضروری خدمات فراہم کرتے ہیں۔متاثرین کے درمیان اب تک تقریباً 3.68 لاکھ پولی تھین شیٹس، تقریباً 65,400 خشک راشن کے پیکٹ اور تقریباً 1400 کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
آبادی کو آفات متاثر مقامات سے محفوظ نکالنے اور ان کو آسان آمدو رت کے لیے ریاست میں 1688 کشتیاں چلائی جا رہی ہیں ۔جبکہ مویشیوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے 12,844 کوئنٹل جانوروں کا چارہ بھی تقسیم کیا گیا ہے۔ فوری راحت اور بچاؤ کاموں کو انجام دینے کے لیے ایس ڈی آر ایف کی 27 ٹیمیں اور این ڈی آر ایف کی 10 ٹیمیں ریاست کے مختلف اضلاع میں تعینات کی گئی ہیں۔دریں اثنا، سنٹرل واٹر کمیشن اور محکمہ موسمیات کے مطابق بھاگلپور کے سلطان گنج میں گنگا ندی کی پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، لیکن کوسی بلتارا اور کرسیلا، کھگڑیا میں بوڑھی گنڈک، دیگھا میں گنگا، گاندھی گھاٹ، ہاتھیدہ،، بھاگلپور کہلگائوں اور مونگیر میں گنگا ، شری پالپور میں پن پن بینی آباد میں باگمتی اور درولی اور گنگار پور سسون میں گھاگھرا خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔
اتوار کی صبح 10 بجے والمیکی نگر بیراج پر گنڈک ندی کے پانی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ویر پور بیراج پر کوسی کی پانی کی سطح مستحکم ہے اور اندرا پوری بیراج پر سون کم ہونے کے دہانے پر ہے۔ واضح رہے کہ ریاست کے 15 اضلاع پٹنہ، بھوجپور، سرن، ویشالی، بھاگلپور، بیگوسرائے، بکسر، سمستی پور، مونگیر، کٹیہار، لکھیسرائے، کھگڑیا، پورنیہ، مدھیہ پورہ اور ارول87 بلاکوں کے 575گرام پنچایتوں کے تحت تقریبا48.35 لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہیں ۔ متاثرہ علاقوں میں راحت پہنچانے کے لیے آفات مینجمنٹ محکمہ مستعدی کے ساتھ کام کررہا ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan