


دیوریا، 13 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے دیوریا میں بھلوانی پولیس نے اتوار کو قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان میں سے ایک ملزم نے چاقو برآمد کرانے کے دوران سب انسپکٹر کا ریوالور چھین کر پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں اس کے دائیں پیر میں گولی لگ گئی۔ زخمی ملزم کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیوریا ابھیجیت آر شنکر نے بتایا کہ تھانہ بھلوانی میں درج مقدمہ نمبر 2026/143، دفعہ (1)103 اور (5)3 بی این ایس میں مطلوب چائنا انصاری (36 سال) ولد کمال الدین، ساکن وارڈ نمبر 12 جے پرکاش نگر (شیو دھریا)، نیز امبج عرف آشیش وشوکرما (23 سال) ولد دیناناتھ وشوکرما کو 13/12 ستمبر کی رات شہید چوک سے گرفتار کیا گیا۔
پوچھ گچھ میں چائنا انصاری نے واردات میں استعمال ہونے والے چاقو کے بارے میں معلومات دی۔ پولیس ٹیم اسے لے کر سوناڑی روڈ پہنچی، جہاں اس کی نشاندہی پر چاقو برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، رات تقریباً 3.30 بجے واپسی کے دوران اچانک نیل گائے آ جانے سے سرکاری گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے اتر گئی۔ گاڑی کو باہر نکالنے کے لیے پولیس اہلکار دھکا لگا رہے تھے کہ اسی دوران چائنا انصاری نے ایک سب انسپکٹر کا ریوالور چھین کر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں اس کے پیر میں گولی لگی۔
ایس پی کے مطابق، چائنا کے خلاف مار پیٹ، دھمکی، آرمز ایکٹ اور قتل کے مقدمات درج ہیں۔ اس کے خلاف 2024 میں غنڈہ ایکٹ کے تحت بھی کارروائی ہوئی تھی۔ امبج کے خلاف بھی مار پیٹ، ایس سی/ ایس ٹی ایکٹ اور دھمکی سمیت متعدد مقدمات درج ہیں۔ اس کے خلاف 2025 میں غنڈہ ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی تھی۔
کارروائی کرنے والی ٹیم میں تھانہ انچارج دنیش کمار مشرا، سب انسپکٹر اکھلیش یادو، سب انسپکٹر آشیش تیواری اور کانسٹیبل اروند کمار یادو و ونود یادو شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن