عیاشی کے لیے گن پوائنٹ پر 30 لاکھ روپے کی لوٹ، ماسٹر مائنڈ سمیت چار گرفتار
نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س):۔ عیاشی اور موج مستی کے لیے تقریباً 30 لاکھ روپے کی لوٹ کی واردات انجام دینے والے گروہ کا کرشنا نگر تھانہ پولیس نے محض آٹھ گھنٹے میں پردہ فاش کردیا۔ پولیس نے واردات کے ماسٹر مائنڈ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں
عیاشی کے لیے گن پوائنٹ پر 30 لاکھ روپے کی لوٹ، ماسٹر مائنڈ سمیت چار گرفتار


نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س):۔

عیاشی اور موج مستی کے لیے تقریباً 30 لاکھ روپے کی لوٹ کی واردات انجام دینے والے گروہ کا کرشنا نگر تھانہ پولیس نے محض آٹھ گھنٹے میں پردہ فاش کردیا۔ پولیس نے واردات کے ماسٹر مائنڈ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں دو نابالغ بھی شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 19.05 لاکھ روپے نقد، واردات میں استعمال ہونے والی چوری کی اسکوٹی، ایک دیسی پستول اور تین آئی فون 15 پرو برآمد کیے گئے ہیں۔ واردات میں ملوث فرار ملزم کیف کی تلاش جاری ہے۔

ڈی سی پی آر پی مینا کے مطابق، 11 ستمبر کو وویک وہار فیز-2 کے رہنے والے سنجے جین اسکوٹی پر تقریباً 30 لاکھ روپے نقد لے کر گاندھی نگر کی نہرو گلی میں واقع ریڈی میڈ کپڑوں کی دکان کی طرف جا رہے تھے۔ رقم ایک سرخ رنگ کے بیگ میں رکھی ہوئی تھی۔ اسی دوران وجے چوک کی جانب سے اسکوٹی پر آئے بدمعاشوں نے انہیں پیچھے سے گھیر لیا اور گن پوائنٹ پر نقدی سے بھرا بیگ لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ایک ملزم کے ہاتھ پر چوٹ لگی ہوئی تھی اور اس پر پٹی بندھی تھی۔ متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ سامنے آنے پر وہ ملزم کو شناخت کرسکتا ہے۔

واردات کی اطلاع ملتے ہی کرشنا نگر تھانہ پولیس نے تفتیش شروع کردی۔ کرائم ٹیم نے جائے واردات کا معائنہ کیا اور لٹیروں کے ممکنہ فرار کے راستوں پر نصب سیکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ساتھ پولیس نے مخبروں سے ملنے والی معلومات کو بھی تفتیش میں شامل کیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد پولیس ملزمان تک پہنچ گئی اور 12 ستمبر کو چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کی پوچھ گچھ میں دیپک کو واردات کا ماسٹر مائنڈ اور اصل سازشی قرار دیا گیا ہے۔ دیپک نے ہی متاثرہ شخص کے پاس بڑی رقم موجود ہونے کی اطلاع اپنے ساتھیوں کو دی تھی۔ تفتیش میں کیف کا کردار بھی سازش میں سامنے آیا ہے، تاہم وہ اب بھی فرار ہے۔ پولیس اس کی گرفتاری کے لیے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہے۔

پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان لوٹی گئی رقم کا ایک حصہ واردات کے بعد پارٹی اور عیاشی میں خرچ کرچکے تھے۔ پولیس کے مطابق تقریباً 80 ہزار روپے خرچ کیے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ پولیس اب خرچ کی گئی رقم سمیت لوٹی گئی باقی رقم کی بھی برآمدگی کی کوشش کررہی ہے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تقریباً 19.05 لاکھ روپے نقد برآمد کیے ہیں۔ اس کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی چوری کی اسکوٹی، ایک دیسی پستول اور تین آئی فون 15 پرو بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ برآمد شدہ اسکوٹی کے بارے میں شاہدرہ تھانے میں ای-ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس فرار ملزم کیف کی گرفتاری اور لوٹی گئی باقی رقم کی برآمدگی کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande