
باغپت، 12 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے باغپت ضلع میں بڑوت کوتوالی پولیس نے ایک پولیس انکاؤنٹر کے دوران 25 ہزار روپے کے انعامی بدمعاش کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے پیر میں گولی لگی، جس کے بعد اسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ملزم کے قبضے سے چوری کی دو موٹر سائیکلیں اور ایک دیسی ساختہ پستول برآمد ہوا ہے۔
بڑوت کوتوالی پولیس کی ٹیم 11 ستمبر کی دیر رات علاقے میں مشتبہ گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی تھی۔ اسی دوران پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار ایک مشتبہ شخص کو رکنے کا اشارہ کیا، لیکن وہ رکنے کے بجائے فرار ہونے لگا۔ پولیس کے تعاقب کے دوران خود کو گھرتا دیکھ کر ملزم نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں پولیس کی گولی اس کے پیر میں جا لگی اور وہ زخمی ہو کر گر پڑا۔
پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت رام نگر کے بنولی روڈ بس اسٹینڈ کے رہائشی سچن کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ پہلے سے کئی مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری پر 25 ہزار روپے کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے .315 بور کا ایک غیر قانونی دیسی ساختہ پستول، زندہ اور خالی کارتوس اور بغیر نمبر پلیٹ کی پَیشن پرو موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ اس کے علاوہ ملزم کی نشاندہی پر دو مزید چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں، جن میں سے ایک دہلی اور دوسری ہریانہ سے چوری کی گئی بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
ایس پی سورج کمار رائے کا کہنا ہے کہ ضلع میں جن مجرموں پر انعام مقرر کیا گیا ہے، ان سب کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، تاکہ ضلع میں جرائم پر قابو پایا جا سکے۔ پولیس کے پاس جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا موجود ہے، کوئی بھی مجرم پولیس سے بچ نہیں سکے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد