
نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س)۔ چائنا سدرن ایئرلائنز نے چین کے صدر شی جن پنگ کے بھارت دورے کے درمیان چھ سال کے طویل وقفے کے بعد 21 ستمبر سے گوانگزو-نئی دہلی روٹ پر باقاعدہ مسافر پرواز سروس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے ہفتہ کو یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب چین کے صدر شی جن پنگ 18ویں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کے دورے پر ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ اس سروس کی بحالی کے ساتھ وہ جنوبی ایشیا میں آٹھ روٹ پر ہر ہفتے 100 سے زیادہ پروازیں چلائے گی۔ چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے دارالحکومت گوانگزو میں واقع صدر دفتر والی چائنا سدرن ایئرلائنز چین کی بڑی ایئرلائن کمپنیوں میں سے ایک ہے۔
بھارت اور چین کے درمیان پروازوں کی خدمات 2020 میں کورونا یعنی کووڈ-19 وبا کے بعد معطل کردی گئی تھیں۔ اس کے بعد مشرقی لداخ میں دونوں ممالک کے درمیان چار سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی فوجی کشیدگی کے دوران بھی یہ خدمات بحال نہیں کی گئیں۔ یہ کشیدگی گزشتہ سال اکتوبر میں ختم ہوئی تھی۔ چائنا سدرن ایئرلائنز کی پرواز سروس کی بحالی بھارت-چین تعلقات میں بتدریج ہونے والی معمول کی واپسی کا حصہ ہے۔ تعلقات میں بہتری کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان 2024 اور 2025 میں دو اہم ملاقاتیں بھی ہوئی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد