
جے پور، 12 ستمبر (ہ س)۔ الیکٹرک اسکوٹر بنانے والی کمپنی ایتھر انرجی نے ہفتہ کو جے پور میں اپنا نیا الیکٹرک اسکوٹرکونارک پیش کیا۔ کمپنی کے نئے ای ایل پلیٹ فارم پر تیار کونارک کو روزمرہ کی سواری، آرام دہ سفر، طویل رینج، مضبوطی اور کم دیکھ بھال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ یہ اسکوٹر ایس اور زیڈ سیریز میں چھ ویریئنٹس میں دستیاب ہوگا اور اس کی زیادہ سے زیادہ 200 کلومیٹر تک کی آئی ڈی سی رینج ہے۔ جے پور میں اس کی خصوصی ابتدائی قیمت 99,999 روپے (ایکس شوروم) مقرر کی گئی ہے۔ منتخب ویریئنٹس کی ڈیلیوری مرحلہ وار شروع کی جارہی ہے۔
کونارک کا سروس انٹرول 10 ہزار کلومیٹر ہے۔ یعنی گاڑی کی سروس 10 ہزار کلومیٹر یا ایک سال، جو بھی پہلے ہو، مکمل ہونے کے بعد کرانی ہوگی۔ کمپنی کے مطابق اس میں سروس چیک پوائنٹس کم رکھے گئے ہیں اور گھِس جانے والے پرزے آسانی سے دستیاب ہوں گے، جس سے دیکھ بھال آسان رہے گی۔ اسکوٹر کے تمام ویریئنٹس میں ایتھر کی پانچویں نسل کی بیڈراک بیٹری دی گئی ہے۔ کمپنی بیٹری پر 10 سال یا ایک لاکھ کلومیٹر، جو بھی پہلے ہو، کی وارنٹی دے رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وارنٹی کی مدت مکمل ہونے تک کم از کم 70 فیصد بیٹری ہیلتھ کی ضمانت بھی دی گئی ہے۔
کونارک کو بھارتی سڑکوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں 14 انچ کا فرنٹ الائے وہیل، 12 انچ کا ریئر الائے وہیل اور 1352 ملی میٹر کا وہیل بیس ہے۔ دونوں پہیوں پر لانگ ٹریول سسپنشن دیے گئے ہیں۔ یہ ایتھر کا پہلا اسکوٹر ہے جس میں پچھلی جانب دھاتی پینل اور اسٹیل یونی باڈی چیسس دیا گیا ہے۔ سیکوئنشل گیئر ڈرائیو ٹرانسمیشن کے ذریعے ہموار اور تقریباً پرسکون پاور ڈلیوری ملتی ہے۔
ایتھر انرجی کے ہیڈ آف مارکیٹنگ سوربھ شرما نے کہا کہ راجستھان الیکٹرک موبلٹی کو زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچانے کی سمت میں کمپنی کے لیے ایک اہم ریاست ہے۔ کونارک ان صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے جو الیکٹرک اسکوٹر خریدنے کا انتظار کررہے ہیں۔ دھاتی باڈی، 200 کلومیٹر تک کی رینج، آرام دہ سواری، تیز ہوم چارجنگ، 10 ہزار کلومیٹر کا سروس انٹرول اور 10 سال کی بیٹری وارنٹی جیسی سہولیات صارفین کے لیے مفید ہیں۔ کونارک راجستھان میں کمپنی کی موجودگی بڑھانے اور الیکٹرک موبلٹی کو رفتار دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
کونارک کے ساتھ ایتھر راجستھان میں اپنے مصنوعات کے پورٹ فولیو کو وسعت دے رہی ہے۔ کمپنی کی اسپورٹی 450 سیریز اور فیملی اسکوٹر رزٹا پہلے سے ہی بازار میں موجود ہیں۔ جے پور میں کونارک کی پیشکش کو کمپنی نے ریاست میں اپنے فروخت، سروس اور چارجنگ نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اور قدم قرار دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد