
نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س)۔ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) نے دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (ڈوسو) انتخابات کے لیے اپنے مرکزی پینل کے امیدواروں کے اعلان کے بعد انتخابی مہم تیز کردی ہے۔ صدر کے عہدے کے لیے یش ڈباس، نائب صدر کے لیے ایشو موریہ، سکریٹری کے لیے ریا چھابڑی اور جوائنٹ سکریٹری کے لیے لکشیا راج سنگھ اے بی وی پی کے امیدوار ہیں۔ چاروں عہدوں پر کامیابی کے ہدف کے ساتھ اے بی وی پی کارکنان مختلف کالجوں، ہاسٹلوں اور طلبہ کی بڑی آبادی والے علاقوں میں مسلسل رابطہ اور گفت و شنید کر رہے ہیں۔
اے بی وی پی کارکنان نے ہفتہ کو مختلف پی جی اور ہاسٹلوں میں طلبہ سے رابطہ کرکے طلبہ سے متعلق مسائل پر گفتگو کی۔ ستیہ نکیتن حادثے کے بعد جاری ’’آخر کب تک؟‘‘ مہم کے تحت محفوظ طلبہ رہائش کا مسئلہ بھی اٹھایا گیا۔ اے بی وی پی کے مطالبے اور مسلسل احتجاج کے بعد 2400 بستروں پر مشتمل گرلز ہاسٹل تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یونیورسٹی میں ہاسٹلوں کی محدود تعداد اور نشستوں کی کمی کے پیش نظر تمام طلبہ کے لیے ہاسٹل کی نشستیں بڑھانا اور محفوظ و قابل رسائی رہائش فراہم کرنا اے بی وی پی کا اہم مطالبہ ہے۔
پریشد نے بتایا کہ خواتین کی سلامتی اے بی وی پی کا ایک اہم ایشو ہے۔ پنک بوتھ، سی سی ٹی وی کیمرے، خواتین کی سلامتی کے لیے گشتی گاڑی اور ’یو اسپیشل‘ بس سروس جیسی پہل کے ساتھ ’ناری تو ناراینی‘، ’سویَمسدھّا‘ اور ’وامیکا‘ جیسی مہموں کے ذریعے طالبات کی سلامتی، خود انحصاری اور قیادت کو فروغ دیا گیا ہے۔ڈوسو میں تعلیم، خواتین، شمال مشرقی ریاستوں اور ہاسٹل سے متعلق مسائل کے لیے خصوصی سیل بھی قائم کیے گئے ہیں، تاکہ طلبہ کے مسائل براہ راست سنے جائیں اور ان کے حل کے لیے مؤثر کوششیں کی جاسکیں۔اے بی وی پی پینل سے ڈوسو سکریٹری کے عہدے کی امیدوار ریا چھابڑی نے کہا کہ خواتین کی سلامتی اور ہاسٹل کی سہولت طلبہ کی بنیادی ضرورت ہے۔ اے بی وی پی نے ہمیشہ ان مسائل کو زمینی سطح پر اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے بی وی پی چاہتی ہے کہ دہلی یونیورسٹی میں طالبات کو محفوظ ماحول ملے اور ہر طالب علم کو تعلیم کے دوران مناسب اور محفوظ رہائش دستیاب ہو۔ریا چھابڑی نے اس بار ڈوسو انتخابات میں اے بی وی پی کی چاروں عہدوں پر کامیابی یعنی 4-0 سے جیت کی امید ظاہر کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan