
کولکاتا، 11 ستمبر(ہ س)۔ کولکاتا پولیس کے ایک ٹریفک سارجنٹ اور سیوک والنٹیئرکو جھارکھنڈ پولیس نے جھارکھنڈ کے ایک تاجر کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے۔ گرفتار پولیس افسر کی شناخت ایان گپتا کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ بیلگھاٹا ٹریفک گارڈ میں تعینات تھے۔ چاول پٹی روڈ کی رہائشی ٹوئنکل داس کو بھی اس کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ ٹوئنکل ایک سیوک والنٹیئر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔
جھارکھنڈ پولیس کی ٹیم نے دونوں کو جمعرات کو لال بازار میں کولکاتا پولیس ہیڈ کوارٹر طلب کیا تھا۔ وہاں لال بازار انٹیلی جنس حکام کی موجودگی میں جھارکھنڈ پولیس حکام نے دیر شام تک دونوں سے پوچھ گچھ کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے پورے عمل کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔ جمعہ کی صبح جھارکھنڈ پولیس نے دونوں کی گرفتاری کے بارے میں اطلاع دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 اگست کو چنڈیل پولیس اسٹیشن کے علاقے میں نیشنل ہائی وے-33 کے ساتھ ایک ہوٹل کے سامنے ایک تاجر نکھار سبلوک کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ تفتیش سے پتہ چلا کہ تاجر کو قتل کے لیے سپاری دی گئی تھی۔ حملہ آوروں نے نو راو¿نڈ فائر کیے تھے۔ تاجر کو کندھے، کمر اور گردن میں گولی لگی تھی۔ شدید زخمی ہونے پر انہیں جمشید پور کے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ابتدائی تحقیقات میں قتل کے پیچھے کاروباری دشمنی کا شبہ ظاہرکیا گیاتھا۔
معاملے کی تحقیقات کے دوران پولیس نے جھارکھنڈ، مغربی بنگال، اتر پردیش اور بہار میں مختلف مقامات پر چھاپے مار کر چھ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار کیے گئے ملزموں میں پیشہ ور شوٹر بھی شامل ہیں۔ جھارکھنڈ پولیس کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ گرفتار مشتبہ افراد میں سے ایک کا کولکاتا پولیس کے ٹریفک سارجنٹ ایان گپتا سے رابطہ تھا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم قتل میں ملوث مرکزی ملزموں میں سے ایک ہے۔ مزید تفتیش سے پتہ چلا کہ وہسیوک والنٹیئر خاتون ٹوئنکل داس کے ساتھ بھی رابطے میں تھا۔
جھارکھنڈ پولیس کی ایک ٹیم معاملے کی تحقیقات کے لیے کولکاتا پہنچی اور لال بازار میں دونوں سے پوچھ گچھ کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران دونوں نے کئی سوالوں کے واضح جواب نہیں دیے۔ اس کے بعد جھارکھنڈ پولیس نے دونوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا۔
دونوں کی گرفتاری کے ساتھ ہی تاجر نکھار سبلوک قتل کیس میں گرفتار ہونے والے ملزموں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات جھارکھنڈ پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کر رہی ہے۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ شوٹر کو تاجر کے قتل کے لیے تقریبا 15 لاکھ روپے ادا کیے گئے تھے۔ پولیس اب گرفتار کیے گئے دونوں ملزموں کے کردار اور قتل سے ان کے روابط کی تفصیلی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی