
بھنڈارا میں ٹرک اور بولیرو کی ٹکر 9 افراد جاں بحق 9 زخمی
بھنڈارا، 11 ستمبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع کی لاکھنی تحصیل میں پمپل گاؤں کے قریب ناگپور رائے پور شاہراہ پر جمعہ کی صبح ٹرک اور بولیرو کے درمیان زوردار ٹکر ہوگئی۔ اس حادثے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 9 دیگر زخمی ہوگئے۔ ہائی وے پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر بھنڈارا کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال پہنچایا گیا، جہاں سے شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ناگپور منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس افسر کے مطابق چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والی کچھ خواتین اور دیگر مزدور بولیرو گاڑی کے ذریعے ناگپور کی جانب جارہے تھے۔ لاکھنی کے قریب پمپل گاؤں کے علاقے میں پٹرول پمپ اور بھاؤچا ڈھابا کے نزدیک شاہراہ کے کنارے ایک ٹرک کھڑا تھا۔ اچانک بولیرو اس کھڑے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے میں 8 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 9 افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی گڑے گاؤں واقع ہائی وے پولیس ریلیف سینٹر کے سربراہ رویندر ریوتکر اپنے ساتھی اہلکاروں اور بھنڈارا پولیس کے افسران کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچے۔ مقامی دیہاتیوں کی مدد سے پولیس اور امدادی ٹیم نے حادثے کا شکار بولیرو میں پھنسے افراد کو باہر نکالا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ حادثے میں متاثرہ افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے